کنّور ایئر پورٹ شروع ہونے کے بعدمنگلورو ایئر پورٹ کے مسافروں میں آئی کمی
مینگلور 5؍مارچ (ایس او نیوز) گزشتہ سال کے آخر میں کیرالہ کے کنّورانٹرنیشنل ایئر پورٹ نے کام کرنا شروع کیا تھا، اس کے بعد منگلوروانٹرنیشنل ایئر پورٹ سے سفر کرنے والوں میں بھاری کمی دیکھنے میں آئی ہے۔اس کا نتیجہ یہ ہوا ہے کہ منگلورو ایئر پورٹ سے اندرون ملک اور بیرون ملک روانہ ہونے والی پروازیں رد کیے جانے کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔
دوسری طرف کنّور ایئر پورٹ پر ملنے والی سہولتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اندرون ملک اور بیرون ملک کے لئے روانہ ہونے والے مسافروں کی تعداد میں بھاری اضافہ ہوگیا ہے۔ایئر پورٹ کے ذمہ داران کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2019مہینے کا جائزہ بتاتا ہے کہ منگلوروانٹرنیشنل ایئر پورٹ سے انٹرنیشنل پروازوں کی تعداد میں 25.3فیصد کی کمی آئی ہے جبکہ مسافروں کی تعداد میں 18فی صد تک کمی سامنے آئی ہے۔جنوری 2018میں جہاں انٹرنیشنل پروازوں کی تعداد 446تھی، وہیں پر امسال جنوری میں یہ تعداد صرف 333رہی۔اسی طرح جنوری 2018میں اس ہوائی اڈے کو 67,194 مسافروں نے اپنے بیرون ملک سفر کے لئے استعمال کیاتھا وہیں پر امسال مسافروں کی تعداد 54,540رہی۔
اندرون ملک پروازوں کی اگر بات کریں توگزشتہ سال جنوری میں 1.4لاکھ مسافروں نے یہاں سے سفر کیا تھا ، لیکن امسال جنوری میں یہ تعداد صرف 1.2لاکھ مسافروں تک محدود ہے۔بتایا جاتا ہے کہ کیرالہ اور مڈیکیرے کے مسافروں نے منگلورو تک سڑک کے راستے سفر کرنے اور وقت پر ہوائی اڈے تک پہنچنے کے لئے بھاگم بھاگ کرنے کی مصیبت سے بچنے کے لئے کنّور ہوائی اڈے کو ہی ترجیح دینا شروع کیا ہے۔اس صورتحال کے پیش نظر منگلورو ایئر پورٹ اتھاریٹی کے ڈائریکٹر وی وی راؤ کا کہنا ہے کہ مسافروں اور پروازوں میں ہورہی کٹوتی کے پیش نظر اب اس ایئر پورٹ سے ہونے والی آمدنی میں بھی بڑی تخفیف ہونے والی ہے۔