شرتھ مڈیوال قتل کے ملزمین گرفتاری نہ ہونے پرسنگھی تنظیموں کی ایک روزہ بھوک ہڑتال
منگلورو 8؍اگست (ایس او نیوز) بنٹوال میں فرقہ وارانہ کشیدگی کی وجہ سے رونما ہوئے آر ایس ایس کارکن شرتھ مڈیوال قتل کیس میں ابھی تک ملزمین گرفتار نہ ہونے پر ہندو ہتھا رکھشنا سمیتی کے زیر اہتمام سنگھی تنظیموں کی طرف سے منگلورو ڈسٹرکٹ کمشنر کے دفتر کے روبرو ایک روزہ احتجاجی بھوک ہڑتال کی گئی۔
موصولہ خبروں کے مطابق اسی قسم کے مظاہرے بنٹوال، موڈ بیدری، پتور، سولیا اور ضلع کے دیگر مقامات پر بھی کیے گئے۔ منگلورو میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے وی ایچ پی کے لیڈر جگدیش شینوانے کہا کہ حکومت اور پولیس شرتھ مڈیوال اور پون جیسے ہندورضاکاروں کے قتل کے معاملے میں ملوث ملزموں کو پکڑنے میں پوری طرح ناکا م ہوگئے ہیں۔جبکہ ایس ڈی پی آئی لیڈر اشرف کلائی کے قاتلوں کو 24گھنٹوں کے اندر ڈھونڈکر نکالا گیا تھا۔
وی ایچ پی کے ورکنگ پرسیڈنٹ ایم بی پورانیک نے کہا کہ منگلورو، سورتکل اور بنٹوال میں امن و امان بگڑنے کا سبب پڑوسی ریاست کیرالہ کے اثرات ہیں۔ جہاں سی پی آئی ایم کے اقتدار میں آر ایس ایس اور بی جے پی لیڈروں اور کارکنان کو موت کے گھاٹ اتاراجارہا ہے۔سنگھ پریوار کو جڑ سے ختم کرنے کے نعرے لگائے جارہے ہیں ، مگر بد قسمتی سے اس کے خلاف کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے۔پورانیک کا کہناتھا کہ شرتھ مڈیوال کو بے رحمی سے قتل کیا گیا۔ قتل کی وارداتیں انجام دینے کے لئے کرایے کے قاتل لانے کی سازش رچی گئی ہے۔اس سے پولیس پر سے عوام کا اعتماد ختم ہوگیا ہے۔
اس کے علاوہ ہندو جاگرن ویدیکے کے ستیہ جیت سورتکل نے بھی مظاہرے کے دوران خطاب کیا اور کہا کہ جنوبی کینرا ضلع میں لاوا ابل رہا ہے۔ ہندو لیڈروں اور کو نشانہ بنایا جارہاہے۔ان کے خلاف جھوٹے کیس داخل کیے جارہے ہیں۔حکومت پی ایف آئی جیسی تنظیموں کاساتھ دے رہی ہے۔ماضی میں پی ایف آئی پر دائر کیے گئے بہت سارے مقدمات واپس لیے گئے تھے۔حالانکہ وہ لوگ غیر سماجی سرگرمیوں میں ملوث ہیں، لیکن ان کے خلاف اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں۔اس موقع پر سابق ایم ایل سی مونپّا بھنڈاری نے بھی خطاب کیا۔بجرنگ دل کے لیڈر شرن پمپ ویل ،دیواکر، کشور کمار وغیرہ بھی موجود تھے۔