منگلورو سٹی کارپوریشن نے ہٹائے فٹ پاتھ سے غیر قانونی باکڑے
منگلورو 19؍اپریل(ایس او نیوز) منگلورو سٹی کارپوریشن نے سڑک کنارے قبضہ کرکے لگائے گئے چھوٹے چھوٹے باکڑوں کو ہٹانے کی مہم شروع کردی ہے۔ آج علی الصبح ہمپن کٹّہ، نیلّی کائی روڈاور سنٹرل مارکیٹ علاقے میں پہلی کارروائی انجام دی گئی۔
ایم سی سی کے ملازمین نے فروٹ اور دیگر اشیاء فروخت کرنے کے لئے سڑکوں کی فٹ پاتھ پر لگائی گئی ان چھوٹی موٹی غیر قانونی دکانوں کو ہٹانے کاکام پولیس کے تحفظ میں انجام دیا۔ہمپن کٹّہ کے علاقے میں دکانداروں نے الزام لگایا کہ ایم سی سی نے بغیر کسی پیشگی نوٹس کے دکانیں ہٹانے کی کارروائی انجام دی ہے۔ جبکہ سنٹرل مارکیٹ علاقے میں دکانداروں کی طرف سے احتجاج بھی کیا گیا۔ایم سی سی کے افسران کا کہنا ہے کہ شہر کی سڑکوں اور فٹ پاتھ کو غیر قانونی قبضے سے پاک کرنے کے لئے اس طرح کی مزید کارروائیاں انجام دی جائیں گی۔
ایم سی سی کے ریوینیو افیسر پروین چندرا نے میڈیا کو بتایا کہ ان دکانداروں کو حالانکہ پیشگی نوٹس نہیں دیا گیاہے، لیکن ایم سی سی میئر نے دو دن پہلے میڈیا کے ذریعے اس طرح کی کارروائی کیے جانے کی اطلاع دی تھی۔مسٹر چندرا نے مزید بتایا کہ اس کارروائی کا اہم مقصد یہ ہے کہ فٹ پاتھ پر سے غیر قانونی قبضہ ہٹاتے ہوئے راہگیروں کو آسانی سے چلنے پھر نے کی سہولت فراہم کی جائے۔کیونکہ اس تعلق سے پیدل راہگیروں کی طرف سے مسلسل شکایتیں مل رہی تھیں۔ حالت یہ تھی کہ ان باکڑوں اور دکانداروں کے قبضے کی وجہ سے راہگیروں کو فٹ پاتھ کی بجائے سیدھے سڑک پر چلنا پڑتا تھا۔جس سے ٹریفک کے مسائل پیدا ہورہے تھے۔