اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ساتھ کوئی اتحادنہیں: انتخابات کے نتائج کے بعد امکان ہونے پر بھی کانگریس کے ساتھ گٹھ جوڑ نہیں ہوگا؛ دیوےگوڈا کا بیان
منگلور،22؍جنوری (ایس او نیوز)سابق وزیر اعظم اور جنتا دل (سیکولر) اسپیکر ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کہا کہ پارٹی آئندہ اسمبلی انتخابات میں حکمراں کانگریس کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں کرے گی کیونکہ قومی پارٹی کے ساتھ پہلے ہی اتحاد کر کے وہ اپنی ’انگلیاں جلا چکے‘ہیں۔
دیوے گوڑا نے بتایا کہ جنتا دل (سیکولر) پہلے کانگریس کے ساتھ اتحاد کرکے اپنی انگلی جلا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر انتخابات کے نتائج کے بعد کوئی امکان ہوتا بھی ہے تو ان کی پارٹی کانگریس کی حمایت سے حکومت بنانے کی خواہش مند نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی صرف فرقہ وارانہ مسائل پر بحث کر رہی ہے اور کسانوں کے سامنے آ رہے مسائل سمیت لوگوں سے منسلک مسائل پر اس نے اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔
گوڑا نے کہا کہ جنتا دل (ایس) ریاست کی تمام 224 اسمبلی سیٹوں پر انتخاب لڑے گی اور اس میں سے کچھ سیٹ بائیں بازو جماعتوں کے لئے چھوڑی جائیں گی۔پارٹی نے ابھی تک سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کی طرف سے حمایت لینے کے بارے میں فیصلہ نہیں لیا ہے۔آئین اور دلتوں پر مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے کے متنازعہ بیان پر گوڑا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنے وزراء کو کنٹرول کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پارٹی بدل کر بی جے پی میں شامل ہونے والے اپنے دو ممبران اسمبلی کو نااہل قرار دینے کے لئے جے ڈی (ایس ) نے اسمبلی کے صدر سے شکایت کی ہے۔