نقلی سونا گروی رکھ کر بینک سے 4.5کروڑ روپے اڑانے والے میاں بیوی گرفتار

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 26th July 2017, 2:59 PM | ساحلی خبریں |

منگلورو ،26؍جولائی (ایس او نیوز)گزشتہ دنوں اڈپی کے شیروا میں ایک جیویلری شاپ کے مالک شنکر اچاریہ نے اپنی دو جوان بیٹیوں اور بیوی کے ساتھ سائنائیڈ کھا کر اجتماعی خود کشی کی تھی، جس کی تحقیقات کے دوران پتہ چلاتھا کہ اس نے نقلی سونا گروی رکھ کر ایک بینک سے 56لاکھ روپے قرض اٹھائے تھے اور اس سازش کا پردہ فاش ہونے کے ڈر سے جس میں بینک کا سنار بھی شامل تھا، شنکر اچاریہ نے اپنے خاندان کو ہی ختم کردیاتھا۔

اب تازہ دھماکہ خیز خبر منگلورو سے آئی ہے جہاں پر کیتھولک سیریئن بینک سے ایک جوڑے نے نقلی سونا رکھ کر 4.5کروڑ روپے اڑالئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ شیروا میں شنکر اچاریہ فراڈکا معاملہ سامنے آنے پرمنگلورو کے کیتھولک سیئرین بینک کے ذمہ داران چوکنا ہوگئے ۔کیونکہ اس بینک سے بھی ایک جیویلری شاپ کے مالک اور اس کی بیوی نے سونا گروی رکھ کر بہت بھاری قرضہ اٹھا رکھاتھا۔پھر جب شک کی بنیاد پر بینک والوں نے گروی رکھے گئے اس سونے کی دوبارہ جانچ کروائی تو پتہ چلا کہ وہ سارا سونا نقلی ہے۔

اس فراڈ کو انجام دینے والے شخص کانام ودیانند راؤ(59سال) اوراس کی بیوی کا نام للیتا راؤ(52سال) بتایا گیا ہے جو بونڈیل میں میری ہل علاقے کے رہنے والے ہیں۔ودیانند کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ شہر میں جیویلری شاپ کا مالک ہے۔ وہ اتنی ہوشیاری سے پیتل کے زیورات پرسونے کا ملمع چڑھادیتا تھا اوروہ زیورات گروی کے لئے پیش کرتا تھا کہ بینک کا سنارمنجوناتھ بھی میں اصلی اور نقلی سونے میں فرق نہیں کرپاتا تھا۔اس طرح راؤ نے الگ الگ مواقع پر 38مرتبہ اور اس کی بیوی نے 9مرتبہ ایسے نقلی زیورات بینک میں رہن رکھے اور تقریباً4.5کروڑ روپے اڑالینے میں کامیاب رہے۔

جب کراس چیکنگ کے دوران اس فراڈ کا انکشاف ہواتو بینک ا نتظامیہ نے بندر پولیس اسٹیشن میں اس جوڑے کے خلاف شکایت درج کروائی۔پولیس نے فوری اقدام کرتے ہوئے مذکور ہ میاں بیوی کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس معاملے کہ حقیقت جاننے اور فراڈ کی اصل مقدار جاننے کے لئے پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے ۔
 

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی