منگلورومیں دیسی ماہی گیر کشتی غرقاب۔ ایک ماہی گیر ہلاک ، دوسرے کو بچالیا گیا
منگلورو23؍ستمبر (ایس او نیوز) سمندر میں دیسی کشتی پر ماہی گیر ی کرنے دوران جمعہ کی شب میں تھوٹابینگرے علاقے میں کشتی غرقاب ہوگئی جس کی وجہ سے ایک ماہی گیر ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے دوسرے ساتھی کو بچالیا گیا۔
حادثے میں فوت ہونے والے ماہی گیر کا نام نوشاد(24سال) اور مقامی نوجوانوں نے جس دوسرے ساتھی کو بچالیا ہے اس کا نام آفرید (25سال) بتایا جاتا ہے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق جب یہ دونوں ساحل سے قریب سمندر میں چھوٹی کشتی پر ماہی گیری کررہے تھے اس وقت گہرے سمندر میں ماہی گیری کرنے والی بڑی مشین والی بوٹ تیز رفتاری کے ساتھ ان کے قریب سے گزرگئی۔ جس سے اونچی لہر اٹھی اور چھوٹی کشتی پانی میں ڈوب گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کشتی کے غرقاب ہونے پر نوشاد سمندر میں لاپتہ ہوگیا۔ دوسرے دن صبح اس کی لاش بر آمد کرلی گئی۔اس ضمن میں ایک کیس پانمبور پولیس اسٹیشن میں درج کرلیا گیا ہے۔