سمندری طوفان سے ماہی گیر پریشان۔ برسات اور بجلیوں سے ساحلی علاقے میں نقصان

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 6th October 2018, 12:57 PM | ساحلی خبریں |

منگلورو6؍اکتوبر (ا یس او نیوز) موسم کے اچانک خراب ہوجانے اور سمندر میں طوفان اٹھنے کا سب سے زیادہ  اثر ماہی گیروں پر پڑا ہے۔ کیونکہ اس وقت ماہی گیر دوہری مار جھیلنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ ایک طرف ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے نے ان کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے تو دوسری طرف سمندری طوفان کی وجہ سے محکمہ موسمیات کی طرف سے انہیں 8اکتوبر تک ماہی گیری پر نکلنے سے باز رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔

ماہی گیروں کو دوہری مار:ڈیزل کی قیمتوں کے مطابق مچھلیوں کے شکار سے متوقع آمدنی نہ ہونے کی وجہ سے پہلے ہی بہت ساری کشتیاں ساحل پر لنگر انداز ہوگئی تھیں، اب موسم بدلنے کے بعد بیچ سمندر میں مصروف کشتیوں کو بھی کوسٹ گارڈ نے واپس بندرگاہ کی طرف بھیج دیا ہے اور جس علاقے میں ہوا کا دباؤ کم ہو گیا ہے، وہاں سے کشتیوں کو گزرنے نہیں دیا جارہا ہے۔اس وجہ سے ماہی گیری کا یہ موسم مچھیروں کے لئے بڑا ناخوشگوار بنتا جارہا ہے۔کہاجاسکتا ہے کہ ماہی گیری کے بہترین موقع اور بڑے مالی فائدے کی توقع رکھنے والے مچھیروں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں۔ 

پورے ملک میں ریڈ الرٹ:کیرالہ، تملناڈو، پڈوچیری، کرناٹکا، گوا، مہاراشٹرا، آندھراپردیش، آسام ، میگھالیہ ، ناگا لینڈ، تریپورہ سمیت پورے ملک کے ساحلی علاقوں میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور ماہی گیروں کو سمندر سے دور رہنے کی وارننگ دی گئی ہے۔ جس کے وجہ سے بندرگاہوں پر ماہی گیر کشتیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے تمام ریاستوں کو چوکنا رہنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

ریڈالرٹ کے باوجود ماہی گیری:بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال میں کم دباؤ کی وجہ سے اٹھنے والے طوفان میں ماہی گیری خطرناک نتائج کا سبب ہونے کا خدشہ دیکھ کرجنوبی ہندوستان کے ساحلی علاقے میں محکمہ موسمیات کی طرف سے ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا تھا۔اس کے باوجود کاروار سے ملنے والی اطلاع کے مطابق کچھ ماہی گیروں نے اس پر توجہ نہ دیتے ہوئے بیچ سمندر میں مچھلیاں پکڑ نے کی کوشش جاری رکھی جس کی وجہ سے ان کی کشتیاں خراب موسم کا شکار ہوگئیں۔ جنہیں کوسٹ گارڈ نے مداخلت کرتے ہوئے واپس ساحلی کنارے کے طرف لوٹ جانے پر مجبور کیا۔

کشتیاں ضبط کی جائیں گی:طوفانی موسم کو دیکھتے ہوئے ماہی گیروں کو وارننگ دی گئی ہے کہ اگر محکمہ موسمیات کی ہدایات کونظر انداز کرکے کوئی بھی ماہی گیر سمندر میں جانے اورمچھلیاں پکڑنے کی کوشش کرتا ہے توپھراس کی کشتی ضبط کرلی جائے گی۔

500کروڑروپوں کا خسارہ:ماہی گیری کے پیشے اور کاروبار سے جڑے ہوئے افراد کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ خراب موسم کی وجہ سے ماہی گیری کا کاروبار نفع سے زیادہ نقصان کی طرف بڑھتاجار ہا ہے۔ہر کشتی کو دس تا بارہ دن سمندر میں مچھلیاں پکڑنے کے دوران 5500 سے 6000لیٹرس تک ڈیزل کی ضرورت پیش آتی ہے۔ اس خرچ کو پورا کرنے کے لئے ہر مرتبہ 5تا6لاکھ روپے کی مچھلیاں ملنی چاہئیں۔اور فی الحال جو مچھلیاں شکار ہورہی ہیں اس کی مالیت ایک لاکھ سے ڈھائی لاکھ روپے نکلتی ہے۔ اس طرح ماہی گیری پر جتنا خرچ آرہا ہے اسے پورا کرنے لائق مچھلیاں ہاتھ نہ لگنے سے کئی بندرگاہوں پر اس پیشے سے وابستہ افراد کو روز بروز نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اگست سے اب تک ہونے والے نقصان کا اندازہ 500کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

بجلی گرنے سے کمپاونڈکو نقصان:ضلع شمالی کینرا کے انکولہ سے ملنے والی ایک خبر کے مطابق جمعہ کے دن شام کے وقت مچھلی مارکیٹ کے قریب بجلی گرنے سے ایک کمپاونڈ کی دیوار کو نقصان پہنچا ہے ۔ اس کے علاوہ مارکیٹ میں مچھلی فروخت کررہی ایک خاتون کو بھی آسمانی بجلی کا شاک لگا ہے۔کہا جاتا ہے کہ اے پی ایم سی مارکیٹ کی چھت میں لگے ہوئے لوہے کی سلاخوں پر بھی بجلی گرنے سے زوردار آواز کے ساتھ شعلہ سا بھڑک گیا۔ جس سے قریب میں موجود افراد خو فزدہ ہوگئے۔ 

کار پر درخت گر پڑا:جمعہ کے دن شام کے وقت شروع ہونے والی زوردار بارش اور تیز ہواؤں کے نتیجے میں کاروار کے پیکلے اسٹریٹ میں پارک کی گئی ایک کار پر بڑا درخت زمین سے اکھڑ کر گر گیا۔بتایا جاتا ہے کہ ٹی جے ایس بی بینک کے سامنے کدرا کے رہنے والے سنگویلو نامی شخص نے کار پارک کی تھی۔ درخت کے گرنے سے کار بری طرح نقصان پہنچا ہے۔جبکہ اسی کار کے پہلو میں پارک کی گئی دوسری کار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ اس حادثے میں کسی کو جسمانی نقصان نہیں ہوا ہے۔اسی طرح گُنگی واڈا علاقے میں ناریل درخت گرنے سے ایک مکان کو نقصان پہنچنے کی بھی خبر ہے۔گھر کی چھت پوری طرح تباہ ہوگئی ہے ۔ اس سے ہزاروں روپے کا نقصان ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

جنوبی کینرا میں زبردست بارش:منگلورو شہر میں بادلوں کی گھن گرج کے ساتھ کہیں بہت زیادہ تیز اور کہیں ہلکی برسات ہوئی۔ جس سے شہر میں بعض مقامات پر ٹریفک میں خلل واقع ہوا۔ بیلتھنگڈی تعلقہ اور اس کے اطراف میں شام سے ہی بہت زیادہ تیز برسات ہوئی۔بنٹوال تعلقہ میں سب سے زیادہ اور پتور تعلقہ میں سب سے کم بارش ریکارڈ کی گئی۔

ایک نظر اس پر بھی

منڈگوڈ میں ڈاکٹر انجلی نمبالکر  نے کہا : وزیر اعظم صرف من کی بات کرتے ہیں اور جن کی بات بھول جاتے ہیں  

لوک سبھا کے لئے کانگریسی امیدوار ڈاکٹر انجلی نمبالکر نے منڈگوڈ کے ملگی نامی علاقے میں انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں وزیر اعظم نریندرا مودی نے صرف من کی بات کی ہے اور انہیں کبھی جن کی بات یاد نہیں آئی ۔

اُتر کنڑا میں چڑھ رہا ہے سیاسی پارہ - پرچار کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اور کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدا رامیا کریں گے ضلع کا دورہ

لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے اُتر کنڑا میں سیاسی پارہ پوری قوت سے اوپر کی طرف بڑھ رہا ہے کیونکہ اپنے اپنے امیدواروں کے پرچار کے لئے وزیر اعظم نریندرا مودی اور وزیر اعلیٰ سدا رامیا کے دورے طے ہوئے ہیں ۔

اُتر کنڑا میں آج سے 30 اپریل تک چلے گی عمر رسیدہ، معذور افراد کے لئے گھر سے ووٹ دینے کی سہولت

ضلع ڈپٹی کمشنر گنگو بائی مانکر کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے معذورین اور 85 سال سے زائد عمر والوں کے لئے گھر سے ووٹ دینے کی جو سہولت فراہم کی گئی ہے، اتر کنڑا میں آج سے اس کی آغاز ہو گیا ہے اور 30 اپریل تک یہ کارروائی چلے گی ۔

انجمن گرلز کے ساتھ انجمن بوائز کی سکینڈ پی یو میں شاندار کامیابی پر جدہ جماعت نے کی ستائش؛ دونوں پرنسپالوں کوفی کس پچاس ہزار روپئے انعام

انجمن گرلز پی یو کالج کے ساتھ ساتھ انجمن بوائز پی یو کالج کے سکینڈ پی یو سی میں قریب97  فیصد نتائج آنے پربھٹکل کمیونٹی جدہ نے دونوں کالجوں کے پرنسپال اور اساتذہ کی نہ صرف ستائش اور تہنیت کرتے ہوئے سپاس نامہ پیش کیا، بلکہ ہمت افزئی کے طور پر دونوں کالجوں کے پرنسپالوں کو فی کس ...