منگلورو ایئر پورٹ پرکسٹمز کے ہاتھ لگا 1.25کروڑ روپے مالیت کا سونا۔ ایک ہی دن میں ہونے والی اب تک کی سب سے بڑی ضبطی
منگلورو18؍مارچ (ایس او نیوز) جیٹ ایئر ویز کے سیکیوریٹی اسٹاف کی مدد سے منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کسٹمز کو بہت بڑی کامیابی اس وقت ملی جب انہوں نے فلائٹ کے ٹوائلیٹ میں چھپایا گیا 4 کلو گرام سونا بر آمد کرلیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق کسٹم حکام کو مصدقہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ جیٹ ایئر ویز کی فلائٹ 9W 531 دبئی سے منگلورو فلائٹ پر سونا اسمگل کیا جارہا ہے، اسی اطلاع کی بنیاد پر جیسے ہی یہ فلائٹ مینگلور ایئر پورٹ پر لینڈ ہوئی ، کسٹم حکام ہوشیار ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ فلائٹ مینگلور میں لینڈ کرنے کے بعد ممبئی کی طرف روانہ ہونے والی تھی، اُس سے پہلے ہی کسٹمز نے فلائٹ کی تلاشی ، جس کے دوران فلائٹ کے ٹوائلیٹ سے ایک ایک کیلو گرام وزنی چار سونے کی سلاخیں بر آمد ہوئیں۔ گمان کیا جاتا ہے کہ یہ سونا ممبئی کے لئے اسمگل کیا گیا تھا، مگر کس مسافر کی معرفت یہ سونا اسمگل ہورہاتھااس بار ے میں کوئی تفصیل معلوم نہیں ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ کسٹم افسران نے ایک اور مسافر کے پاس سے 2سونے کے بسکٹ برآمد کرلیے جو اس نے اپنے مقعد میں چھپارکھے تھے۔ اس طرح ضبط کیے گئے سونے کی جملہ مالیت کا تخمینہ 1.25کروڑ روپے لگایا گیا ہے ، جو کہ ایک دن میں منگلورو ایئر پورٹ پر ہونے والی اب تک سونے کی سب سے بڑی ضبطی بتائی جاتی ہے۔