جی ایس ٹی کے نام پر گاہکوں سے دھوکہ۔منگلورو بِگ بازار پرافسران کا چھاپہ
منگلورو25؍نومبر(ایس او نیوز)جب سے مرکزی حکومت نے جی ایس ٹی سسٹم لاگو کیا ہے تب سے دکانداروں کی طرف سے بڑھا چڑھاکر قیمتیں وصول کرنا عام سی بات ہوگئی ہے۔ چونکہ جی ایس ٹی سے متعلق تمام معلومات گاہکوں کو نہیں ہوتی ہیں ، اس لئے انہیں دکاندار آسانی سے ٹھگ لیتے ہیں۔
منگلورو میں موجود مالس کے اندر گاہکوں سے دھوکہ دہی کی شکایات پچھلے کچھ دنوں سے بہت زیادہ سننے میں آرہی تھیں۔ اسی پس منظر میں محکمہ اوزان و پیمائش کے افسران نے منگلورو کے اتاور میں بِگ بازار کی دکانوں پر چھاپہ مارا اوروہاں گاہکوں کے ساتھ کی جارہی دھوکہ دہی کا پردہ فاش کیا۔خیال رہے کہ جی ایس ٹی لاگو کرنے کے بعد حکومت نے 15نومبر کو اس میں ترمیم کرتے ہوئے 173اقسام کی اشیاء پر جی ایس ٹی کی شرح 18%سے گھٹا کر 9%کردی ہے۔ لیکن ان دکانوں میں یہ اشیاء 18%شرح والی پرانی قیمتوں کے ساتھ فروخت کیے جانے کا پتہ چلاہے ۔دھوکہ دہی کا کیس درج کرنے کے بعدافسران نے بتایاکہ ہزاروں گاہکوں کو ان دکانداروں نے دھوکے سے لوٹا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جانچ پڑتال کے لئے دیگر مالس پر بھی اس طرح کی چھاپہ ماری ہوگی۔