منگلورو:انڈرورلڈ ڈان کلی یوگیش کے معاون محمد حنیف سی سی بی پولس کے ہاتھوں گرفتار
منگلورو:14/ مارچ (ایس اؤنیوز)حالیہ دنوں میں انڈر ورلڈ ڈان کلی یوگیش کے اپنے چیلوں کے ذریعے شہر میں انجام دئیے گئے سلسلہ وار شوٹ آؤٹ میں ملوث ملزمان کی تلاش جاری رکھتے ہوئے سی سی بی منگلورو پولس نے ایک ملزم کو گرفتارکرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔
گرفتار شدہ ملزم کی شناخت کیرلا ،کاسرگوڈ کے سنکدکٹے کے مکین محمد حنیف عرف محمد علی عرف منا(35) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم حنیف دسمبر 2017میں منگلورو شمالی پولس تھانہ کے کاراسٹریٹ میں سنجیو شٹی ٹکس ٹائلس میں ہوئے شوٹ آوٹ میں شامل تھا۔ پولس کے مطابق محمد حنیف اس سے قبل راؤڈی کلی یوگیش کے ساتھ راست رابطہ میں تھا۔اس کے خلاف منگلورو شہر، دکشن کنڑا ضلع کے اُلال، کمبلے ، ودیا نگر،کوناجے اور کیرلا کے کاسرگوڈ ضلع کے منجیشور پولس تھانوں میں ڈکیتی ، قتل کی دھمکی ،ہفتہ وصولی ، قتل کی کوشش جیسے کل 10معاملات کو لے کر کیس درج ہیں۔ عدالت سے رہا ہونے کے بعد عدالت میں پیش ہوئے بغیر فرار ہونے پر عدالت نے ملزم کے خلاف وارنٹ جاری کیا تھا ۔ ملزم کا پتہ لگانے میں منگلورو سی سی بی پولس انسپکٹر شانتا رام ، پی ایس آئی شیام سندر ، کبال راج وغیرہ شریک تھے۔