کولار میں تیل فیکٹری میں لگ گئی بھیانک آگ، جانی نقصان کی خبر نہیں
کولار،29؍مارچ (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) کرناٹک کے کولار ضلع کے مالور صنعتی علاقے میں ایک تیل فیکٹری میں شدید آگ لگ گئی۔اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کی ابھی کوئی خبر نہیں ہے۔جہاں کارکنوں کو کچھ لوگوں کے اندر پھنسے ہونے کا شبہ ہے، وہیں فیکٹری انتظامیہ نے پولیس کو بتایا کہ اس واقعہ میں کوئی ہلاک نہیں ہوا ہے۔مالور تھانے کے ایک پولیس افسر نے کہاکہ آگ پر 50فیصد قابو کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی فیکٹری کے اندر نہیں جا سکا ہے۔ایک پولیس افسر نے کہاکہ فیکٹری انتظامیہ نے کہا کہ جس وقت آگ لگی اس وقت کوئی بھی مزدور اندر نہیں تھا۔اس لئے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔کچھ دیگر لوگ کہہ رہے ہیں کہ کچھ ورکرز اندر پھنسے ہوئے ہیں۔ہم اندر جانے کے بعد ہی ہلاکتوں کے بارے میں بات کر سکتے ہیں۔فائر بریگیڈیئراہلکارآگ بجھانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ تیل کے بڑے بڑے ڈرم ایک کے بعد ایک کرکے پھٹ رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے فائر بریگیڈیئر اہلکاروں کو فیکٹری کے قریب جانے میں پریشانی ہو رہی ہے۔