سریش رینا بال بال بچے،چلتی کارکاٹائرپھٹا
لکھنو،12؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی ٹیم سے باہر چل رہا ہے سریش رینا ایک حادثے میں بال بال بچ گئے۔منگل کو جب وہ اپنے رینج روور سے جا رہے تھے تبھی ان کی گاڑی کا ایک ٹائر پھٹ گیا۔مقامی پولیس نے اس بارے میں آگاہ کیا۔گاڑی کاٹائراٹاوہ کے پاس فرینڈس کالونی کے پاس پھٹا۔ پولیس نے کہا کہ اگر گاڑی کی رفتار تیز ہوتی تو حادثہ بڑاہوسکتاتھا۔رینا غازی آباد سے کانپور جا رہے تھے، جہاں انہیں بدھ سے دلیپ ٹرافی میچ میں حصہ لینا ہے۔رینا ٹیم انڈیا بلیو کے کپتان ہیں۔وہاں پہنچنے کے لئے پولیس نے ایک نئی گاڑی کا انتظام کرکے انہیں وداع کیا۔
رینا کی گاڑی میں کوئی اضافی ٹائر نہیں تھا،انہیں کچھ وقت کے لئے وہاں کھڑا ہونا پڑا ۔مقامی افراد نے اس بارے میں پولیس کو اطلاع دی اور پولیس نے رینا کے لئے ایک اور گاڑی کا اہتمام کیا۔یہ واقعہ صبح دو بجے ہوا ہے۔ڈی ایس پی رجیش کمار نے کہا کہ اس واقعے میں رینا کو کسی بھی طرح کی چوٹ نہیں آئی ہے۔