بھٹکل 23/ اکتوبر(ایس او نیوز) پڑوسی علاقہ شرور نیشنل ہائی وے پر لاری اور بائک کی ٹکر میں بائک سوار کی موقع پرہی موت واقع ہوگئی، جس کی شناخت سبھاش کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سبھاش بنگلور میں ملازمت کرتا تھا اور کچھ روز قبل کسی پروگرام میں شریک ہونے کے لئے اپنے گائوں شیرور آیا تھا۔
منگل شب قریب 10:30 بجے سبھاش ، شرور کے روڈکنارے واقع باکڑے میں چائے پینے کے بعد بائک پر سوار ہوکر اپنے گھر کی طرف جارہا تھا کہ مخالف سمت سے آرہی لاری کی زد میں آگیا، حادثہ میں سبھاش کی موقع پر ہی موت ہوگئی البتہ بائک کی پچھلی سیٹ پر سوار چندرا نامی نوجوان کے ایک پیر کو چوٹ لگی، جسے قریبی اسپتال لے جایا گیا ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ اسی مقام پر کچھ روز قبل بھٹکل کے دو نوجوان بائک سے گر کر شدید زخمی ہوئے تھے۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہاں نیشنل ہائی وے کا کام جاری ہونے کی وجہ سے سڑک اچانک ایک طرف مُڑ جاتی ہے جس سے حادثات رونما ہورہے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی بیندور پولس جائے وقوع پر پہنچی اور سبھاش کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بیندور سرکاری اسپتال منتقل کیا۔
پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔