اجودھیا،6؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) بابری مسجد مقدمے کے فریق اقبال انصاری کو ایک بارپھرجان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے۔ بابری مسجد کے مدعی اقبال انصاری نے نیوزایجنسی یواین آئی کوبتایا کہ بہارکے سمستی پور ضلع سے رجسٹرڈ ڈاک سے ان کے پاس خط بھیجا گیا ہے، جس میں لکھا ہے کہ بابری مسجد کا مقدمہ واپس لے لو ورنہ جان سے ماردئیے جاوگے۔
انہوں نے بتایا کہ دو صفحات میں ہاتھوں سے لکھے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بابری مسجد کے مقدمے کی جو پیروی آپ کر رہے ہو، عدالت میں جا کرصلح سمجھوتہ کر لواور وہاں رام للا کا مندربننے دو نہیں تواس کا نتیجہ برا ہوگا۔
ا قبال انصاری نے بتایا کہ خط دیکھنے سے ایسالگتا ہے کہ کسی پڑھےلکھے شخص کے ذریعہ لکھا گیا ہے۔ اس میں راشٹریہ جنتادل کے قومی صدرلالو پرساد یادوکے بہارکا پتا لکھا ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس خط کو پولیس کو جلد ہی سونپ دیا جائےگا۔ اس طرح کا خط 15 دن قبل بھی ان کے پاس نامعلوم افراد کے ذریعہ بھیجاگیا تھا۔
اس خط میں بھی اقبال انصاری کو اسی قسم کی دھمکی دی گئی تھی۔ اور دھمکانے والے کو پولیس نے گرفتارکرلیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ کچھ دنوں قبل ضلع انتظامیہ نے اقبال انصاری کی سیکورٹی میں اضافہ کرتے ہوہے ایک داروغہ اورچار کانسٹیبل کوان کی سیکورٹی کےلئے تعینات کیا تھا۔