لشکر طیبہ کی اترپردیش میں سلسلہ وار بم دھماکوں کی دھمکی ، ہائی الرٹ جاری
لکھنو ،06؍جون (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ نے اترپردیش کو دہلانے کی دھمکی دی ہے ، جس کے بعد ریاست بھر میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور سیکورٹی سخت کردی گئی ہے ۔ خفیہ ایجنسی کی اطلاع کے مطابق لشکر طیبہ اترپردیش کے الگ الگ شہروں میں ایک کے بعد ایک دھماکے کرنے کی سازش رچ رہا ہے ۔ دھماکوں کے ذریعہ ریلوے اسٹیشنوں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق خفیہ ایجنسیوں کو اطلاع ملی ہے کہ لشکر جلد ہی اترپردیش میں ایک کے بعد ایک دھماکہ کرنے کی سازش رچ رہا ہے ۔ مغربی اترپردیش کے کئی اضلاع سے لے کر آگرہ تک سلسلہ وار بم دھماکوں کی دھمکی دی گئی ہے۔
ڈی جی پی دفتر نے اے ڈی جی وارانسی ، اے ڈی جی میرٹھ اور اے ڈی جے آگرہ سمیت سبھی افسروں کو اس معاملہ میں الرٹ بھیج دیا ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ لشکر کے ایریا کمانڈر مولانا ابو شیخ کے نام پر یہ دھمکی دی جارہی ہے ۔ خفیہ ایجنسی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق چھ جون سے 10 جون کے درمیان اترپردیش میں سلسلہ وار بم دھماکے کئے جاسکتے ہیں ۔