لالو نے بھی میڈیا کے لیے نئے پے کمیشن کی حمایت کی
پٹنہ، 27؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)راشٹریہ جنتا دل سپریمو لالو پرساد نے مرکزی ملازمین کے لیے ساتویں پے کمیشن کی طرز پر صحافیوں اور غیر صحافیوں کے لیے نئے پے کمیشن کی تشکیل کے مطالبہ کی آج حمایت کی۔لالو پرساد نے آج یہاں فیڈریشن آف پی ٹی آئی ایمپلائیز یونین کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔لالو نے کہاکہ صحافیوں اور میڈیا تنظیم کے دیگر ملازمین ملک کے پڑھے لکھے شہری ہیں اور معاشرے کی فلاح وبہبود کے لیے خبریں اکٹھا کرنے اور انہیں نشر کرنے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہیں۔ان کی تنخواہوں میں بھی اسی طرح کا اچھی اضافہ ہونی چاہیے جس طرح سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ساتویں تنخواہ کمیشن سے ہوا ہے۔لالو نے کہاکہ میں وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر نئے پے کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کروں گا تاکہ صحافی اور میڈیا کے دیگر اہلکاروں کو بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اس دور میں اپنا گھر ٹھیک سے چلانے میں مدد مل سکے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر صحافیوں کے ساتھ ہیں اور ضرورت پڑنے پر وہ اس کے لیے صحافیوں کے ساتھ سڑک پربھی اترنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ صحافیوں اور دیگر میڈیا اہلکاروں کے لیے پے کمیشن کے قیام کی جدوجہد میں جیل جانے کو تیار رہیے۔میں آپ کے ساتھ ہوں اور اگر جیل جانے کی ضرورت پڑی تو میں اس سے بھی پیچھے نہیں رہوں گا۔