کویت: کئی برس بعد متعدد شخصیات کو دوبارہ شہریت دینے پرغور
کویت سیٹی:7/مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس نڈیا) کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے اُن افراد کو دوبارہ شہریت دینے کا معاملہ زیر غور لانے کا حکم دیا ہے جن کی شہریت کو کئی برس قبل منسوخ کر دیا گیا تھا۔کویت میں سرکاری نیوز ایجنسی "کونا" نے کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر مرزوق علی الغانم کے حوالے سے بتایا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کے دو گروپوں نے اتوار (5 مارچ) اور پیر (6 مارچ) کو امیر کویت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ارکان پارلیمنٹ نے ریاست کے امیر کو "شہریت سے متعلق معاملے میں کویتیوں کے ایک گروپ کو درپیش سنگین انسانی مسائل" کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا.. جس پر امیر کا جواب مثبت تھا۔شہریت سے محروم کیے جانے والے افراد میں سابق رکن پارلیمنٹ عبداللہ البرغش، معروف مبلغ نبیل العوضی اور ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والے سعد العجمی شامل ہیں۔کویتی پارلیمنٹ کے ارکان کے مطابق شہریت منسوخ کیے جانے کے معاملے کو حل کرنے کے واسطے کوششوں کا آغاز تین ماہ قبل ہوا تاہم امیر کویت کی جانب سے مں ظوری حاصل ہونے کے انتظار میں انہوں نے خاموشی اختیار کر رکھی تھی۔کویت نے چند برس قبل ریاست کے خلاف اشتعال انگیزی اور خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے خلاف ضرر رساں سرگرمیوں کی بنیاد پر متعدد اپوزیشن شخصیات، مبلغین اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد کی شہریت کو منسوخ کر دیا تھا۔