کاروار میں پیش آئے کشتی حادثہ میں ہلاک ہونے والے اہل خانہ کو فی کس5لاکھ معاوضہ دینے کاضمیراحمد خان نے کیا اعلان
ہاویری26؍ جنوری (ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے غذا وشہری رسدات و ہاویری ضلع نگراں کار وزیر بی زیڈ ضمیراحمد خان نے بتایا کہ کاروار کے قریب بحرۂ عرب میں کشتی الٹنے کے حادثہ میں ہلاک ہونے والے ضلع ہاویری کے شگاوی تعلقہ ہسور یتنہلی گاؤں کے ایک ہی گھر سے تعلق رکھنے والے9؍ افراد کو حکومت کی جانب سے فی کس 5لاکھ روپئے معاوضہ دیا جائے گا۔
شگاوی تعلقہ ہسور یتنہلی گاؤں میں متاثرہ گھر کے افراد سے ملاقات کرکے دلاسہ دینے کے بعد وزیر موصوف نے یہ جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی گھر کے 9؍ افراد کی ہلاکت انتہائی افسوسناک ہے ۔ ان کی جان کی قیمت نہیں لگائی جاسکتی تاہم حکومت کی جانب سے زیادہ سے زیادہ معاوضہ ادا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ان کے گھر والوں کو تعلیمی قرضہ سمیت تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ضمیراحمد خان نے کہا کہ حادثہ میں بچ نکلنے والے واحد بچہ کی تعلیم اور مستقبل کے تعلق سے رکن اسمبلی بسواراج بومئی کے ساتھ تبادلہ خیال کرکے فیصلہ لیا جائے گا۔انہوں نے متاثرہ خاندان کے رشتہ دار سومکا رینوکوا کو دلاسہ دیا اور بچ نکلنے والے بچے گنیش کو بھی ہمت دی اور حکومت کی طرف سے ہرممکن تعائون فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔