ہوائی سفر کے دوران فوت ہونے والے کی لاش کرناٹکا اسپورٹس اینڈ کلچرل کلب دبئی نے ہندوستان بھیجی
دبئی18؍اکتوبر(ایس او نیوز) کرناٹکا اسپورٹس اینڈ کلچرل کلب دبئی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق امریکہ سے ہندوستان کی طرف سفر کرنے والے ایک شخص کودبئی ایئر پورٹ پر دل کا دورہ پڑاور اس کی موت واقع ہوگئی۔ کے ایس سی سی کے ذمہ داران کو جب یہ بات معلوم ہوئی تو انہوں نے ضروری کاغذی کارروائیاں انجام دینے کے بعدکم سے کم وقت میں لاش حاصل کی اور اسے بذریعہ حیدر آباد متوفی کے شہر سندگی تک روانہ کرنے کا انتظام کر دیا۔
دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہونے والے ہندوستانی کا نام گوپال کرشنا دیسائی(۶۹سال) بتایا جاتا ہے۔جو کہ ایک مجاہد آزادی نارائن راؤ کے فرزند اورپیشے سے اپنے علاقے کے معروف وکیل تھے۔سفر کے دوران جب مسٹر دیسائی پر دل کا دورہ پڑا تو ان کے ساتھ صرف ان کی اہلیہ سدھا بائی دیسائی تھیں۔ پردیس میں اس حادثے سے بے یار ومددگار ہونے والی اس خاتون کی مددکرتے ہوئے کے ایس سی سی کے ذمہ داران نے انسانی ہمدردی کی ایک بہترین مثال قائم کی ہے۔