کولّور پولیس اسٹیشن کے کانسٹیبل نے کی خود کشی
کنداپور4؍جنوری (ایس او نیوز) کولّور پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک پولیس کانسٹیبل نے اپنے کمرے میں پھانسی لگاتے ہوئے خودکشی کرلی ہے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق خودکشی کرکے ہلاک ہونے والے کانسٹیبل کا نام ناگراج ہے۔
کہاجاتا ہے کہ داونگیرے کا رہنے والا 2014بیاچ کا کانسٹیبل ناگراج سال 2015سے کولّور پولیس اسٹیشن سے وابستہ تھا۔وہ غیر شادی شدہ تھااور اس کی شادی کچھ دنوں پہلے طے ہوئی تھی۔ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ کچھ عرصے کے لئے اسے جوئیڈا پولیس اسٹیشن میں عارضی طور پر بھیجا گیا تھا اور وہاں خدمات انجام دینے کے بعد دو دن قبل ہی وہ کولّور پولیس اسٹیشن میں واپس لوٹا تھا۔اس کے روم میٹ کانسٹیبل سندیپ کے بیان کے مطابق وہ اپنی رات کی ڈیوٹی انجام دے کر جب کمرے میں پہنچا تو دیکھا کہ ناگراج کا مردہ جسم پھانسی کے پھندے سے لٹکا ہواہے۔اس خودکشی کی اصل وجوہات ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ مہلوک ناگراج کے ساتھیوں کے بیان کے مطابق کسی قسم کے سنگین مسائل یا ڈپریشن کا وغیرہ میں اس کے مبتلاہونے کے آثار تو نظر نہیں آرہے تھے۔
خودکشی کی اطلاع ملتے ہی کولور پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر اور عملے نے موقع پر پہنچ کر جائزہ لینے کے ساتھ معاملہ درج کرلیاہے۔