تعریف سے اعتماد ملا، کوہلی دنیا کے بہترین بلے باز ہیں: محمد عامر
لاہور ،20؍اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کی تعریف کا جواب دیتے ہوئے انہیں بھی دورِ حاضر کا بہترین بلے باز قرار دیا ان کا کہنا ہے کہ کوہلی کی تعریف سے اعتمادملتا ہے۔ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے گزشتہ دنوں ایک ٹی وی شو میں یہ اعتراف کیا تھا کہ پاکستان کے محمد عامر دنیا کے مشکل ترین بولر ہیں۔وراٹ کوہلی کی جانب سے تعریف کرنے پر محمد عامر نے بھی ایک قدم آگے بڑھ کر ان کی تعریف کا جواب دیا اور کہا ہے کہ ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی ایک اچھے، ان کے پسندیدہ اور کامیاب بیٹسمین ہیں، ان کے سامنے بولنگ کرنا ہمیشہ چیلنج ہوتا ہے۔محمد عامر نے کہا کہ کوہلی کے ساتھ انڈر 19 سے کھیل رہا ہوں، ان سے بہت اچھی انڈر اسٹینڈنگ ہے۔انہوں نے کہا کہ کوہلی کو ہدف کے تعاقب میں کمال کی مہارت حاصل ہے، اگر آپ نے انہیں ایک موقع دیا تو وہ میچ آپ کی پہنچ سے دور لے جائیں گے، جیسا انہوں نے ڈھاکا میں ایشیا کپ کے دوران بھی کیا تھا۔پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ کوہلی کا بیٹ بہت پسند ہے اور جب بھی ان سے مانگا انہوں نے دیا، بعض اوقات بغیر مانگے ہی بیٹ دیا۔پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ کوہلی سے اچھی دوستی ہے لیکن ٹف بیٹسمین کے لیے ٹف بننا پڑتا ہے کیونکہ میدان میں کوئی دوستی نہیں ہوتی ہر کھلاڑی اپنی ٹیم کے لیے جان مار رہا ہوتا ہے اس لیے کوہلی کو فوری آؤٹ کرنے کا پلان ہوتا ہے۔