افریقا ۔ سعودیہ سربراہ کانفرنس ریاض میں منعقد کرنے کی ہدایت
ریاض،5؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کل منگل کو ہدایات جاری کی ہیں کہ افریقا ۔ سعودی عرب سربراہ کانفرنس رواں سال کے اختتام یا آئندہ سال کے آغاز میں ریاض میں منعقد کی جائے۔ خادم الحرمین الشریفین کی ہدایت کی روشنی میں افریقی ممالک اور سعودی عرب کی سربراہ کانفرنس ریاض میں منعقد کرنے کے لیے جلد ہی کام شروع کیا جائے گا۔خیال رہے کہ مئی میں عرب، اسلامی اور امریکی سربراہ کانفرنس کی میزبانی بھی سعودی عرب نے کی تھی جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت مسلمان اور عرب ممالک کے سربراہان نے شرکت کی تھی۔