کیجریوال کا سی سی ٹی وی پروجیکٹ کے سلسلے میں ، ایل جی کی رہائش گاہ پر مظاہرہ
نئی دہلی،15؍مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) دارالحکومت میں قریب ڈیڑھ لاکھ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جانے کے منصوبے کے رہنماہدایات طے کرنے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کی ایک کمیٹی کی تشکیل کئے جانے کے فیصلے کے سلسلے میں وزیر اعلی اروند کیجریوال کے ساتھ تصادم بڑھتا جا رہا ہے۔ کمیٹی بنانے سے ناراض وزیر اعلی، اپنے کابینہ کے ساتھیوں اور ایم ایل اے کے ساتھ آج نے راج نواس کے باہر احتجاج کیا۔
مسٹر کیجریوال کی قیادت میں، کابینہ کے ساتھیوں اور پارٹیوں کے ارکان نے سہ پہر تین بجے راج نواس کی طرف مارچ کرنا شروع کیا۔ ان کا سی سی ٹی وی منصوبے پر لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کرنے کا ارادہ تھا مگر مسٹر بیجل کی طرف سے یہ مطلع کرنے پر کہ وہ کابینہ کے ارکان کے ساتھ ہی ملاقات کریں گے، تمام لوگ دھرنے پر بیٹھ گئے۔
مسٹر کیجریوال نے ٹویٹ کیا، ہم گورنر، سر سے ملنے آئے ہیں، لیکن انہوں نے قانون سازوں سے ملنے سے انکار کر دیا۔
وزیر اعلی کے دفتر کے مطابق، راج نواس نے خبر دی ہے کہ صرف کابینہ کے لوگ ملیں گے۔ وزیر اعلی نے لیفٹیننٹ گورنر سے تمام ایم ایل ایز سے ملاقات کرنے کی اپیل کی ہے ۔
مسٹر کیجریوال نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دہلی سرکار کی سی سی ٹی وی کے منصوبے کو عمل میں نہیں لانے دینا چاہتی اور لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعے اس میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے دوران عام آدمی پارٹی نے دہلی میں کم از کم دس لاکھ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ لیفٹننٹ گورنر نے اس کی نگرانی کے لئے ایک کمیٹی قائم کی وہ بہت خطرناک قدم ہے۔ اس منصوبے کو روکنے کے لئے کمیٹی قائم کی گئی ہے۔