کشمیر ایک انسانی مسئلہ، ہمیں سپریم کورٹ پر پورا یقین ہے:محبوبہ مفتی

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 16th August 2017, 10:39 AM | ملکی خبریں |

سری نگر،15/اگست (یو ا ین آئی) جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست کو خصوصی پوزیشن عطا کرنے والی آئین ہند کی دفعہ35اے پر پورے ملک میں چھڑی ہوئی بحث پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سپریم کورٹ پر پورا یقین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرسی کی لڑائی اپنی جگہ لیکن جہاں ریاست کے تشخص کی بات آتی ہے تو ریاست کی سبھی سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔ محترمہ مفتی نے یہاں بخشی اسٹیدیم میں منعقدہ یوم آزادی کی تقریب میں اپنی13منٹ طویل تقریر میں پاکستان اور چین کے ساتھ ملنے والی سرحدوں پر جاری کشیدگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وزیر خارجہ سشما سوراج کے اس بیان سے خوشی ہوئی ہے کہ جنگ کے بعد بھی بات چیت کا ہی راستہ اختیار کرنا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین کشیدگی کا سب سے زیادہ خمیازہ اہلیان جموں وکشمیر کو بھگتا پڑتا ہے ۔ وزیر اعلیٰ محترمہ مفتی نے کشمیر کو ایک انسانی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی نے کہا تھا کہ ہم مسئلے کو انسانیت کے دائرے میں حل کریں گے ۔ انہوں نے کشمیری والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے ہاتھوں میں بندوقوں اور پتھروں کے بجائے قلم اور کتابیں تھمادیں۔محبوبہ مفتی نے سپریم کورٹ میں زیر سماعت دفعہ 35اے کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ لوگ کہتے ہیں کہ جموں وکشمیر ہندوستان کا تاج ہے ۔ اس میں کوئی شک نہیں ۔ بغیر کسی شک و شبہ کے جموں وکشمیر ہندوستان کا تاج ہے ۔ اور اس کو تاج بن کر ہی رہنا چاہیے ۔ ہمیں اس ملک کے ہر ادارے پر یقین ہے ۔ ہم نے دیکھا کہ آج تک کئی کوششیں ہوئیں۔ جس طرح یہاں کچھ لوگ ہیں جن کی سوچ ہم سے بالکل الگ ہے ۔ وہ کہتے ہیں کہ ہمیں1947سے بھی پیچھے جانا چاہیے ۔ اسی طرح ملک میں ایسے لوگ ہیں جو ہمیں1947پر لے جانا چاہتے ہیں۔ جو کبھی ایک چیز کولے کر تو کبھی دوسری چیز کو لے کر سپریم کورٹ کا رخ کرتے ہیں۔ہمیں اپنے سپریم کورٹ پر یقین ہے ۔ جب جب کسی نے جموں وکشمیر کے خصوصی تشخص کی طرف انگلی اٹھائی اور اس کو زک پہنچانے کی کوشش کی تو سپریم کورٹ نے اس کوشش کو ناکام بنایا۔ مجھے یقین ہے کہ آج جو معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے ، سپریم کورٹ وہی موقف اختیار کرے گا جو وہ گزشہ70برسوں سے اختیار کرتا آیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دفعہ35اے کے دفاع کے لئے ریاست کی تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جہاں جموں وکشمیر کے تشخص کی بات آئے گی ہم سب اکٹھے ہیں۔ کرسی کی لڑائی الگ ہے ۔ سیاسی لڑائی الگ ہے ۔ جب ہمارے تشخص کی بات آئے گی، ہم سب ایک ہیں۔

ایک نظر اس پر بھی

منیش سسودیا کی عدالتی تحویل میں 26 اپریل تک کی توسیع

دہلی کی ایک عدالت نے جمعرات کو شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ معاملہ میں عآپ کے لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی عدالت تحویل میں 26 اپریل تک توسیع کر دی۔ سسودیا کو عدالتی تحویل ختم ہونے پر راؤز ایوینیو کورٹ میں جج کاویری باویجا کے روبرو پیش کیا ...

وزیراعظم کا مقصد ریزرویشن ختم کرنا ہے: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے یہاں پارٹی کے امیدوار عمران مسعود کے حق میں بدھ کو انتخابی روڈ شوکرتے ہوئے بی جے پی کو جم کر نشانہ بنایا۔ بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے بدھ کو کہا کہ آئین تبدیل کرنے کی بات کرنے والے حقیقت میں ریزرویشن ختم کرنا چاہتے ...

مودی ہمیشہ ای وی ایم کے ذریعہ کامیاب ہوتے ہیں،تلنگانہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا سنسنی خیز تبصرہ

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ  ریونت ریڈی نے سنسنی خیز تبصرہ کرتے ہوئے کہا  ہے کہ ہر مرتبہ مودی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں( ای وی ایمس )کے ذریعہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہیں اور جب تک ای وی ایم کےذریعے انتخابات  کا سلسلہ بند نہیں کیا جائے گا،  بی جے پی نہیں ہار سکتی۔

لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلہ کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری

الیکشن کمیشن نے لوک سبھا انتخابات 2024 کے چوتھے مرحلہ کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ کمیشن کے مطابق انتخابات کے چوتھے مرحلہ میں 10 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 96 پارلیمانی سیٹوں پر انتخابات ہوں گے۔ اس مرحلہ کی تمام 96 سیٹوں پر 13 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔ نوٹیفکیشن جاری ...

ملک کے مختلف حصوں میں جھلسا دینے والی گرمی، گزشتہ برس کے مقابلے اس سال گرمی زیادہ

   ملک کے مختلف حصوں میں گرمی کی شدت میں روزبروزاضافہ ہوتاجارہا ہے۔ بدھ کوملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی رہی ۔ اس دوران قومی محکمہ موسمیات کا کہنا  تھا کہ ملک کے کچھ حصوںمیں ایک ہفتے تک گرم لہریں چلیں گی ۔  بدھ کو د ن بھر ملک کی مختلف ریاستوں میں شدید گرم  لہر چلتی رہی  جبکہ ...