کاسرگوڈ میں شادی کی تقریب ماتم میں تبدیل۔معصوم بچی بس کے پہیے میں کچل کر ہلاک
کاسرگوڈ 9/ اپریل (ایس او نیوز) کانھاگاڈ نامی مقام پرمنعقدہ شادی کی ایک تقریب اس وقت ماتم میں بدل گئی جب اس تقریب میں اپنی ماں کے ساتھ آنے والی ایک سات سالہ بچی بس کے پہیے کے نیچے دب کر ہلاک ہوگئی۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق کانھا گاڈ میں اپنے رشتے دار کے گھر شادی میں شرکت کے لئے ایک بس میں سوار ہوکر کئی افراد پہنچے تھے۔ جب سب لوگ بس سے اتر گئے تو ڈرائیور بس کو پیچھے کی طرف لینے لگا ،مگر بدقسمتی سے بس سے اترنے والی نصیرہ نامی معصوم بچی بس کے پچھلے پہیے کے نیچے آگئی اوربری طرح زخمی ہوگئی۔ فوری طور پر اسے قریبی اسپتال لے جایا گیا ، مگر اسے بچایا نہیں جاسکا۔نصیرہ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ لٹل فلاور اسکول میں فرسٹ اسٹانڈرڈ کی طالبہ تھی۔