کاروار 21/جون (ایس او نیوز) قتل کے الزام میں گرفتار ایک شخص نے کاروار کی کال کوٹھری میں پھانسی لگا کر خودکشی کرلی جس کی شناخت کورگ ضلع کے سوموار پیٹ کے رہنے والے رمیش (38) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق رمیش نے جیل کے ایک کمرے میں تولیہ سے لٹک کر خودکشی کی ہے، بتایا گیا ہے کہ تولیہ سے لٹک کر خودکشی کرنے کا پتہ چلتے ہی اُسے فوراً نیچے اُتارا گیا تھا اور اسپتال لے جایا گیا، مگر اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی اُس نے دم توڑ دیا۔ خودکشی کی یہ واردات آج جمعرات شام کو موصول ہوئی۔
بتایا گیا ہے کہ رمیش پر کسی کے قتل کا الزام تھا اور اُسے اُڈپی کے کارکلا جیل سے کاروار سینٹرل جیل منتقل کیا گیا تھا۔ پولس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ دماغی مریض تھا، جس کی وجہ سے اُس نے خودکشی کی۔
کاروار پولس تھانہ میں اس تعلق سے معاملہ درج کیا گیا ہے، پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔