ضلع کے 11تعلقہ جات میں زمین کے سروے کے لئے جدید الیکٹرانک آلات
کاروار 22؍اپریل (ایس او نیوز) زمین ، مکان، کھیت وغیرہ کا سروے کرنے کے لئے اب تک نانپنے کا ٹیپ اور دیگر اشیاء کا جو استعمال ہورہا تھا ،اس کی جگہ پر اب بالکل سائنٹفک انداز میں یہ کام انجام دینے کے لئے ضلع کے تمام11تعلقہ جات کے سروے افسران کو الیکٹرانک ٹوٹل اسٹیشن (ای ٹی ایس) نامی جدید آلات فراہم کیے گئے ہیں۔
تقریباً پانچ لاکھ روپے لاگت کی اس جدید مشین کے ذریعے زمین جائیداد کے ریکارڈ سے متعلق تمام امور انجام دینے اور اس کا پرنٹ آؤٹ نکالنے کی سہولت ہے۔جس کی وجہ سے جس کام کے لئے سالہا سال درکار ہوا کرتے تھے، اب وہ کام مہینوں میں پورا ہوجائے گا۔ملناڈ، اور پہاڑی علاقوں میں فی الحال اس مشین سے کام لیا جارہا ہے۔ جہاں پر لمبے لمبے فاصلوں تک نانپنے کے ٹیپ پکڑ کر گھومنا پڑتاتھاان علاقوں میں ہاتھ میں دھری ہوئی اس مشین سے تمام کام آسانی کے ساتھ انجام دئے جارہے ہیں۔ضلع شمالی کینرا میں اس مشین کو استعمال کرنے کے لئے مناسب اسٹاف کی کمی کی وجہ سے اب تک سروے کے کام میں اس کی مدد نہیں لی گئی تھی۔ مگر حال ہی میں کمٹہ میں منی ایئر پورٹ کی تعمیر کے لئے پہاڑی پر سروے کا کام اسی مشین سے انجام دئے جانے کی بات سامنے آئی ہے۔