اترکنڑا ضلع کے تمام تعلقہ جات پر انسانی زنجیر کی تشکیل : بھٹکل میں مسلمانوں کی عدم شرکت

Source: S.O. News Service | By Abu Aisha | Published on 1st February 2018, 2:27 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل یکم فروری  (ایس اؤنیوزبھائی چارگی کے لئے انسانی زنجیر کے تحت ریاستی سطح کی مہم کی مناسبت سے اترکنڑا ضلع میں بھائی چارگی اورہم آہنگی کے ماحول کو فروغ دینے کے لئے کاروار، انکولہ، سرسی ، ہوناور، کمٹہ ، ڈانڈیلی ، ہلیال سمیت تمام تعلقہ جات میں ہم خیال تنظیموں کی طرف سے انسانی زنجیر تشکیل دے کر معاشرے کو یک جہتی کا پیغام دیا گیا ۔ اور اس موقع پر تمام حاضرین نے امن، بھائی چارگی، آپسی تال میل اور دستورکے منشاء کی حفاظت کا حلف اٹھایا ۔

بھٹکل میں انسانی زنجیر کے پروگرام میں مقامی مسلمانوں  کی شرکت نظر نہیں آئی، نہ مقامی مسلم تنظیموں نے ساتھ دیا اور نہ ہی کوئی مسلم لیڈران  انسانی زنجیر  کی اس اہم مہم میں نظر آئے۔ البتہ سی پی آئی (ایم) لیڈر سبھاش کوپیکر کی  طرف سے شرالی میں  سینکڑوں طلبا نے انسانی زنجیر بنا کر شرپسند وں کے خلاف متحد ہونے کا عزم ظاہر کیا۔ اسی طرح سبھاش کوپیکر کی طرف سے بھٹکل تعلقہ پنچایت آفس کے باہر نیشنل ہائی وے پر سینکڑوں خواتین کو ساتھ لے کر انسانی زنجیر کا پروگرام مرتب کیا جس میں کچھ مسلم خواتین بھی نظر آئیں۔

کاروار میں کے ایس آرٹی سی بس اسٹانڈ کے قریب سے انسانی زنجیر کی شروعات ہوئی شہر کے اہم راہوں سے گزرنے کے بعد سویتا سرکل پر اجلاس میں منتقل ہوئی ۔ اس موقع پر ترقی پسند عوام سے خطاب کرتے ہوئے کراولی منجاؤ کے مینجنگ  ایڈیٹر  گنگادھر ہیرے گتی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اترکنڑا ضلع میں نفرت کے بیج گھول کر حالات بگاڑنے کا کام کیا جارہا ہے، ملکی دستور کے متعلق جس طرح کی باتیں کہی جارہی ہیں وہ صحیح نہیں ہیں، تمام انسانوں کے جسم میں بہنے والا خون ایک ہے، ذات پات، دھرم صرف اور صرف ہماری پہچان کے لئے ہیں۔ جب تمام کی سوچ ایک جیسی ہوگی تو اس وقت امن ، آپسی بھائی چارگی کی زندگی میسر ہوگی۔

انسانی زنجیر کی منتظم یمونا گاؤنکر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صدیوں سے جاری کثیر تہذیبی معاشرہ کو فرقہ وارانہ فسادات کے ذریعے برباد کیا جارہاہے۔ اس موقع پر جن شکتی ویدیکے کے مادھو نایک، سینٹ ملاگریس سوسائٹی کے جارج فرنانڈیز، ماہی گیر لیڈر گنپتی مانگرے ، رکن اسمبلی ستیش سئیل، دیپک کوڈالکر، ایلشا ایلکپاٹل، مولانا،فادرڈریک فرنانڈیز، ڈاکٹر کیرتی نائک وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔

سرسی:انسانی زنجیر تشکیل کمیٹی کے زیر اہتمام شہر کے بڈکیبائیل میں منعقدہ پروگرام میں ہر دھرم اور ذات کے سینکڑوں لوگ شریک ہوئے  اس موقع پر  شرپسندوں اور سماجی صحت کر برباد کرنے والوں کو خاموش جدوجہد کےذریعے اصل دھارا میں شامل ہونےکا پیغام دیا گیا اور  12دسمبر کو سرسی میں بند کے نام پر جو ہنگامہ خیزی اور  دھاندلی کی گئی تھی اُس کی مخالفت کرتے ہوئے انسانی زنجیر باندھ کو  شرپسندوں کو کرارا جواب دیا گیا۔  سی آر شانبھاگ، ناگپا نائک، مادھو، شیورایا دیسائی ، شیوپا، لیلاوتی ہیگڈے ، مہا دیو چلوادی ، مہیش نائک، مادھوی بھنڈاری، گیتا چکرسالی وغیرہ موجود تھے۔

انکولہ:شہر کے بس اسٹانڈ کے گیٹ سے جئے ہند ہائی اسکول تک ہاتھ میں ہاتھ تھام کر بنائی گئی انسانی زنجیر نے عوام میں آپسی بھائی چارگی کا پیغام دیا۔ کسان لیڈر شانتا رام نایک نے خطاب کرتےہوئے کہاکہ ہمارا یہ فرض بنتاہے کہ کہیں بھی کسی طرح کے فرقہ وارانہ فسادات کو ہونے نہ دیں۔ ڈاکٹر آر جی گوندی، گوریش نایک، تعلقہ پنچایت صدر سجاتا گاؤنکر، منجوناتھ نائک، شانتی آگیر سمیت سینکروں لوگ شریک تھے۔

ہوناور:ملک کو امن و بھائی چارگی کا پیغام روانہ کرنے ریاست گیر سطح پر منائی گئی انسانی زنجیر مہم ہوناور میں بھی کامیابی کے ساتھ انجام دی گئی ۔ تعلقہ بھرسے مختلف تنظیموں، دھرموں ، ذاتوں کے مرد وخواتین نے بھائی چارگی کے لئے انسانی زنجیر بنائی ۔ لکچرر راجو ملگی منی،حسین قادری نے خطاب کیا۔ سی آئی ٹی یو کے ضلع صدر تلک جے گوڈا نے اہم خطاب کیا۔

کمٹہ:کنڑا ساہتیہ پریشد کے سابق صدر روہی داس نایک نے اترکنڑا ضلع کی تہذیبی ، بھائی چارگی ، امن ومساوات کی روایات کو بیان کرتے ہوئے ادب اور فن کاری کے حوالے سے معاشرے میں امن کے قیام کی کوششوں کا تذکرہ کیا۔ انسانی زنجیر کی تشکیل میں پُٹو کلکرنی ، مونٹی فرنانڈیز، گنگا نائک، سویتا تنمڈگی ، شالنی کلمنی، منگلا بھنڈاری وغیرہ شریک تھیں۔

یلاپور: شہر کے امبیڈکر سرکل پر مہاتما گاندھی کی شہادت کے دن انسانی زنجیر کی تشکیل کی گئی ۔ کرناٹکا سنگھٹنا کے کارکنان شریک تھے۔ تعلقہ صدر پربھاوتی ہیگڈے نے قیادت کی۔

ڈانڈیلی:دھرم زندگی کے طریقے کو کہتے ہیں کسی رنگ اور زبان میں اس کو تلا ش نہ کریں، دوسروں کی خرابی چاہنے والا دھرم نہیں ہوتاہے، کرناٹکا یونیورسٹی دھارواڑ کے شعبہ کنڑا کے پروفیسر ڈاکٹر وینکٹ گری دلوائی نے ان خیالات کااظہار کیا۔ وہ یہاں انسانی زنجیر پروگرام میں خطاب کررہے تھے۔ کھانا پور کے مفکر محمد سلیم کتور، ڈانڈیلی ہائی اسکول کی استادنی پریم لتا بی ایس، بلدیہ صدر ناگیش سالونکے ، سسٹر رینیٹا، رمیش نائک، فیروز پیرزادے نے موقع کی مناسبت سے خطاب کیا۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی