انکولہ کی نوبیاہتا دلہن نے پولس اسٹیشن میں پہنچ کر دیا بیان؛ کہا، اغواء نہیں عاشق کے ساتھ اپنی مرضی سے گئی تھی
کاروار:12/ جولائی (ایس او نیوز) ٹیلر کے پاس کپڑے سلوانے کےنام پر گھر سے نکل کر لاپتہ ہونے والی آورسا کی نوبیاہتا دلہن دیویا نائک نے منگل کو پولس تھانہ پہنچ کر اپنا بیان درج کرانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق نوبیاہتا دلہن نے پولس اسٹیشن پہنچ کر اپنا بیان درج کراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود اپنی مرضی سے اپنے عاشق دلن کے ساتھ چلی گئی تھی۔دیویا نے بتایا کہ پچھلے 7برسوں سے دلن سےاُس کی محبت تھی ، اس سلسلےمیں اُس نے اپنے گھروالوں سے بھی کہا تھا، لیکن زبردستی اور دباؤ ڈالتے ہوئے گھروالوں نے سچن کے ساتھ اس کی شادی کی۔
معاملے کو لے کر پولس انسپکٹر پرمود کمار نے میڈیا کو بتایا کہ دلہن دیویا کو عدالت میں منصف کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنا بیان دیا ہے اس سلسلے میں جمعرات کو جوفیصلہ آئے گا اس کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انسپکٹر نے بتایا کہ دلہن دیویا نے اپنے شوہر یا میکے جانے سے انکار کیا ہے اسی لئے انہیں فی الحال انکولہ کے راحت سینٹر میں بھیج دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اپنی شادی کے 9 دن بعدمیکے سے لاپتہ ہونےوالی دلہن دیویا کے متعلق اس کے شوہر سچن نائک نے انکولہ پولس اسٹیشن میں شکایت درج کی تھی کہ اس کی نوبیاہتا دلہن کو دلن نامی شخص نے اغواء کرلیا ہے لہٰذا اُسے ڈھونڈنکالا جائے۔