منڈیا میں سرکاری اعزاز کے ساتھ شہید گرو کی آخری رسومات
بنگلورو،17فروری (ایس او نیوز)آج شام منڈیا ضلع کے کے ایم دوڈی میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ فوجی جوان شہید ایچ گرو کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ کے ایم دوڈی میں حکومت نے شہید گرو کی آخری رسومات اداکرنے دس گنٹے زمین الاٹ کی ہے ۔ یہیں گرو کی یادگار بھی تعمیر کی جائے گی ۔ اس موقع پروزیر اعلیٰ کمار سوامی اورنائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے قومی ترنگاجس میں لپیٹ کر گرو کی لاش لائی گئی تھی، شہید گرو کی بیوہ کلاوتی کے حوالہ کرتے ہوئے انہیں دلاسہ دیا اور سرکاری ملازمت کی بھی پیش کش کی ہے ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے شہید گرو کی بیوی کلاوتی کو 25لاکھ روپئے کاچیک حوالے کیا ۔بیوی نے قومی پرچم حاصل کرتے ہوئے شہید شوہرکو سلامی دی۔ آخری رسومات میں شرکت کرنے والی اہم شخصیتوں میں دنیش گنڈو راؤ ،مرکزی وزیر سدانندا گوڑا ،سابق وزیراعلیٰ ایس ایم کرشنا ، سارا مہیش ، واٹال ناگراج ، شوبھا کرند لاجے بھی شامل ہیں۔کرناٹک کے علماء کرام نے کشمیر کے پلوامہ میں فوجی قافلہ پر دہشت گرد حملہ کی سخت مذمت کی ہے۔ اس المناک واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں سزادینے کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔ علماء کرام کے ایک مشترکہ اعلامیہ میں اس حملہ کے شکار شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ علماء کرام نے کہا کہ فوجیوں پر قاتلانہ حملہ ایک غیر اسلامی اور غیر انسانی سلوک ہے ۔اسلام کا نام لیوا کسی کی جان نہیں لے سکتا۔ قرآن کہتا ہے بلاوجہ کسی کا قتل کرنا سارے انسانوں کے قتل کے برابر ہے۔ ملک کے محافظ فوجیوں کے ساتھ جو حرکت ہوئی ہے۔ ہم اس کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ حملہ میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے۔ مشترکہ اعلامیہ جاری کرنے والوں میں امیر شریعت کرناٹک مولانا صغیر احمد خان رشادی۔جامع مسجد کے خطیب وامام مولانا مقصود عمران ۔مسجد نور کے خطیب مولانا صغیر احمد قاسمی، جامعہ مسیح العلوم کے مہتمم مفتی شعیب اللہ خان، جامعہ سید احمد کے بانی مولانا شمس الدین بجلی، جمعیت العلماء کرناٹک کے صدر مفتی افتخا احمد قاسمی، مدرسہ اصلاح البنات کے مہتمم مولانا سید شبیراحمد ندوی ، جامعہ غیث الہدیٰ کے مہتمم مفتی اسلم رشادی قاسمی، اہلسنت والجماعت کے صدر مولانا سید تنویرہاشمی ۔مولانا ابو الحسن ندوی اکیڈمی کے صدر مولانا الیاس ندوی،مدرسہ شمس القرآن کے مہتمم مولانا محمدسلیم ،دارالعلوم سبیل الرشاد کے مہتمم مولانا احمد معاذ۔مولانا اعجاز احمد ندوی خطیب وامام مسجد چار مینار وغیرہ شامل ہیں۔