کرناٹک:حوالہ کاروباری کے باتھ روم میں بنی خفیہ تجوری سے 5.7کروڑ کے نئے نوٹ اور 32کلو سونا برآمد

Source: S.O. News Service | Published on 11th December 2016, 1:25 PM |

بنگلور، 10دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا)کرناٹک کے چتردرگ ضلع میں ایک حوالہ کاروباری کے یہاں انکم ٹیکس محکمہ کے چھاپے میں 5کروڑ 70لاکھ کے نئے نوٹ برآمد ہوئے ہیں۔یہ سارے2000روپے کے نئے نوٹ ہیں۔اس کے یہاں سے28کلو سونے کے بسکٹ، سونے کے4کلو زیورات اور 100اور 20کے نوٹوں میں 90لاکھ روپے بھی برآمد کئے گئے۔کالے دھن کو چھپانے کیلئے باتھ روم کی دیوار میں ایک ایسی خفیہ تجوری بنائی گئی تھی، جسے کوئی آسانی سے نہیں پکڑ سکتا تھا۔ٹائلس کے پیچھے بہت چالاکی سے اس تجوری کوچھپایا گیا تھا۔محکمہ انکم ٹیکس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ چتردرگ سے چالیس کلومیٹر دور چلاکیرے نام کے چھوٹے شہر کے اس حوالہ کاروباری کے باتھ روم میں بڑی مقدار میں نئے نوٹ اور سونا چھپا کر رکھا گیا ہے۔اس سے پہلے محکمہ انکم ٹیکس نے کرناٹک پولیس سروس کے دو افسران اور ان کے ساتھیوں کے یہاں چھاپے میں تقریباََ152کروڑ روپے قیمت کی غیراعلانیہ جائیداد ضبط کی تھی، جس میں 2000روپے کے کروڑوں کے نئی کرنسی بھی شامل تھی۔اس کے قبضہ کے بعد دونوں افسران کو ریاستی حکومت نے معطل کر دیا تھا۔