کرناٹک کانگریس کے نئے انچارج وینو گوپال نے عہدہ سنبھال لیا، 8مئی سے تین دن بنگلور میں قیام کرکے مشورے کریں گے
بنگلورو:04/مئی (ایس اونیوز) اے آئی سی سی جنرل سکریٹری اور کرناٹک میں کانگریس امور کے نئے انچارج وینو گوپال نے آج اپنے عہدہ کا جائزہ لے لیا۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں وہ ریاست میں انتخابات کیلئے کانگریس پارٹی کو پوری طرح مستعد کرنے میں لگ جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ 8/ مئی سے تین دن وہ بنگلور میں مقیم رہ کر پارٹی کے سبھی وزراء، اراکین پارلیمان، اسمبلی اور عہدیداروں کے ساتھ ریاست کی سیاسی صورتحال پر رائے مشورہ کریں گے اور تمام کی رائیوں پر مشتمل رپورٹ اعلیٰ کمان کو پیش کریں گے، انہوں نے کہا کہ 8/ مئی کو کے پی سی سی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا اور 9 مئی کو وہ پارٹی کے سینئر لیڈروں سے تبادلہئ خیال کریں گے اور اسی شام وزراء، اراکین اسمبلی وکونسل اور دیگر لیڈروں سے مشورہ کریں گے، جبکہ 10مئی کو وزیر اعلیٰ سدرامیا، کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور اور کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ کے ساتھ الگ میٹنگ کرکے پارٹی کو منظم کرنے کے سلسلے میں تبادلہئ خیال کریں گے اور یہ بھی طے کیا جائے گا کہ 2018میں ہونے والے انتخابات کیلئے ریاستی یونٹ کی طرف سے کیا حکمت عملی وضع کی جائے، کے پی سی سی کے موجودہ صدر ڈاکٹر جی پرمیشور کو برقرار رکھا جائے یا پھر کسی اور کو مقرر کرکے ان کی نگرانی میں انتخابات کا سامنا کیا جائے۔ہر حال میں پارٹی کا یہی مقصد ہوگا کہ اگلی میعاد کیلئے بھی وہ ریاست کے اقتدار پر قابض رہے۔