انجمن حامی مسلمین بھٹکل کوکرناٹک اردو اکیڈیمی ایوارڈ
بھٹکل 24/اگست (ایس او نیوز) کرناٹک اردو اکیڈیمی بنگلورو کے اعلان کے مطابق تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی کے لئے سال 2015کا ایوارڈ انجمن حامیئ مسلمین بھٹکل کو تفویض کیا جائے گا۔ ایوارڈ دینے کی تاریخ کا اعلان آئندہ ہونے والا ہے۔
پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے انجمن حامیئ مسلمین بھٹکل کے صدر جناب عبدالرحیم جوکاکو نے بتایا کہ انجمن کے تحت چلنے والے تعلیمی اداروں کا معیار روز افزوں بلندی کی طرف بڑھ رہا ہے اوریہ ادارے دن بدن ترقی کرتے جارہے ہیں۔ ایک طرف ان اداروں میں طلباء کی کامیابی کے نتائج صد فی صد نکل رہے ہیں تو دوسری طرف یونیورسٹی رینک پانے والے طلباء کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ غیر نصابی سرگرمیوں اور اسپورٹس وغیرہ کے میدان میں بھی انجمن کے طلباء کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ رہے ہیں۔انجمن کے تعلیمی اداروں کا یہ خاصّہ ہے کہ انہیں مسلم طبقہ خود اپنے تعاون سے صاف وشفاف اوردیانت دارانہ انتظامیہ کے ساتھ چلارہا ہے۔اور بلاتفریق مذہب و ملت تمام طبقات کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
انجمن حامیئ مسلمین کو کرناٹک اردو اکیڈیمی کی جانب سے ایسا باوقار ایورڈ تفویض کیے جانے پرادارہ ساحل آن لائن دلی مبارکباد اور تہنیت پیش کرتا ہے۔