ریاست میں سرمایہ کاری کوبڑھاوا دینے کیلئے انوسٹ کرناٹکا کا قیام
بنگلورو23؍اگست(ایس او نیوز) ریاست میں سرمایہ کاری کاروں کو راغب کرنے کے معاملے میں کرناٹک سارے ملک میں سر فہرست ہے، اس مقصد کیلئے ریاستی حکومت نے انوسٹ کرناٹکا کے نام سے ایک الگ کمپنی قائم کررکھی ہے، جس کی بدولت سرماریہ کاری کو بڑھاوا دیاجارہاہے۔یہ بات آج ریاستی وزیر صنعت آر وی دیش پانڈے نے کہی۔ انہوں نے کہاکہ جو سرمایہ کار ریاست میں اپنی صنعتیں قائم کرنے کیلئے آگے آرہے ہیں انہیں انوسٹ کرناٹکا کے ذریعہ بھرپور مدد فراہم کی جارہی ہے۔ سرمایہ کاروں کی رہنمائی کیلئے اس کمپنی کے تحت پیشہ ورانہ طریقے سے مدد دی جارہی ہے۔ ریاست میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول کو بہترین قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چند ماہ قبل ریاست میں منعقدہ انوسٹ کرناٹکا سرمایہ کاری کانفرنس کے بعد وزیر اعلیٰ سدرامیا نے خود انوسٹ کرناٹکا کے نام سے اس کمپنی کے قیام کا فیصلہ کیا۔سرمایہ کاری کے تمام امور کو شفافیت سے نمٹانے میں یہ کمپنی سرگرم ہے۔ وزیر صنعت اس کمپنی کے چیرمین ہوں گے اور محکمۂ صنعت کے اڈیشنل چیف سکریٹری سمیت پانچ ڈائرکٹرس اس کمپنی میں شامل کئے گئے ہیں۔ بہت جلد اس کمپنی کیلئے ایک ماہر چیف ایگزی کیٹیو آفیسر کا تقرر کیاجائے گا۔ یہ کمپنی ریاست میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری اور نئے پراجکٹوں کی شروعات پر پوری توجہ مرکوز رکھے گی۔ میٹنگ میں محکمۂ صنعت کی اڈیشنل چیف سکریٹری کے رتنا پربھا اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔