کنداپور سے گوا سرحد تک نیشنل ہائی وے کا معاملہ؛ کرناٹکا نے قومی شاہراہ کی تعمیر کو لےکر اضافی کاموں کا کیا مطالبہ
نئی دہلی :5؍فروری (ایس او نیوز) ریاست کرناٹکا کے وزیر برائے تحصیل اور اترکنڑا ضلع نگراں کاروزیر آر وی دیش پانڈے نے کنداپور کی سرحد سے لے کر گواکی سرحد تک جاری قومی شاہراہ تعمیر کے دوران مرکزی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ عوامی تحفظ کو لے کر بہتر سہولیات مہیا کرائے۔
مرکزی وزیر برائے ہائی وے نتین گڈکری کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں دیش پانڈے نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے قومی شاہراہ کو فورلین میں منتقلی کے پروجکٹ پر کام کررہی ہے، اس سلسلے میں عوام کی طرف سے بہت سارے اضافی کاموں کو انجام دینے کا مطالبہ کیا جارہاہے۔ میں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی رپورٹ کا تفصیلی مطالعہ کیا ہے ، قومی شاہراہ کے پروجکٹ کے متعلق عوام کی طرف سے بہت ساری تحفظاتی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ جیسے کمٹہ تعلقہ کے دیوگی دیہات میں سرویس روڈ اور کمپاؤنڈ دیوار کی تعمیر، دھاریشور دیہات میں فٹ اوور برج اور بس شلٹر، مرڈیشور جنکشن پر وھیکل انڈر پاس، بھٹکل کے شمس الدین سرکل پر فلائی اوور دیوار کی لمبائی کو کم کرنے اور سرکل کی چوڑائی کے تحت لمبائی کو ملحوظ رکھنے کے مطالبات پیش کئے گئے ہیں۔
وزیر دیش پانڈے نے وزیر نتین گڈکری سےکہاکہ متعلقہ کام کو لےکر عوامی اور ٹرافک تحفظ کے سلسلے میں بہت سارے مطالبات ہیں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے لئے ضروری ہے کہ وہ ان کاموں کو انجام دے۔ وزیر دیش پانڈے نے وزیر برائے ہوابازی سریش پربھو سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں اڑان اسکیم کے نفاذ کے متعلق بھی گفتگو کی۔