ریاستی پولیس میں خواتین کی تعداد 20فیصد تک بڑھانے پر غور: پرمیشور

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 7th September 2018, 10:03 PM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،7؍ستمبر(ایس او نیوز) نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہا ہے کہ ریاستی پولیس میں خواتین کی تعداد کو 20فیصد تک بڑھانے پر غور کیا جارہاہے۔ٹمکور میں 120 ویمنس پولیس ٹرینس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حالیہ چند برسوں میں محکمۂ پولیس میں خواتین کی بھرتیوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں برسر خدمت 250آئی پی ایس افسروں میں 20خواتین ہیں۔ پولیس کانسٹبلوں کی مجموعی تعداد میں6 فیصد خواتین ہیں۔ ریاستی حکومت کا منصوبہ ہے کہ اس اوسط کو بڑھاکر 20فیصد تک لے جایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کے محکمۂ پولیس کی طرف رغبت کا رجحان خوش آئند ہے، اگر تعلیم یافتہ نوجوان اس محکمے میں شامل ہونے پر توجہ دیں گے تو اس سے پولیس فورس کے معیار کو بھی بلند کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہاکہ آج پاس ہونے والی 121ٹرینس میں 16 پوسٹ گریجویٹ ہیں اور 96 گریجویٹ ، محکمے کے لئے اس سے خوش آئند بات اور کیا ہوسکتی ہے۔ وزیر داخلہ نے بتایاکہ پولیس جوانوں کے لئے رہائش کی بہتر سہولت مہیاکرانے پر محکمہ پابندی سے کام کررہا ہے۔ ریاست کے مختلف تعلقہ جات میں 250 کوارٹروں پر مشتمل رہائشی کامپلکس کی تعمیر یقینی بنائی جائے گی۔

ریاستی پولیس فورس میں شامل جوانوں کی تنخواہ میں اضافے کے مطالبے پر وزیر داخلہ نے کہاکہ اس سلسلے میں ایک تجویز چھٹویں پے کمیشن کو روانہ کردی گئی ہے۔ اس تجویز کو منظور کئے جانے کے ساتھ ہی تنخواہوں میں اضافہ از خود لاگو کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ تنخواہوں میں اضافے کے ساتھ چھٹویں پے کمیشن کی طرف سے وضع کردہ تمام سہولتیں بھی پولیس جوانوں اور افسروں کو مہیا کرانے کے لئے ضروری قدم اٹھائے جائیں گے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے دیگر سرکاری شعبوں کے ملازمین کو چھٹویں پے کمیشن کے تحت جو بھی سہولت مہیا کرائی جارہی ہے وہ تمام پولیس فورس کے لئے بھی روبہ عمل لائے جائیں گے۔

ریاست بھر میں آئے دن سڑک حادثوں اور دن بدن ان کی تعداد میں اضافے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت ایسے علاقوں کی نشاندہی کرے گی جو حادثوں کا مرکز رہے ہیں۔ ان علاقوں میں گاڑیوں کی رفتار کو 35 کلومیٹر تک محدود کیا جائے گا۔ان سڑ کوں پر ہائی وے پیٹرولنگ بڑھادی جائے گی تاکہ شاہراہوں پر تیز رفتار گاڑی چلانے والوں کو پکڑ کر ان کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔انہوں نے کہاکہ ریاست بھر میں بھڑتے ہوئے سڑک حادثوں پر روک لگانے کے مقصد سے شاہراہوں پر پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے گا۔ 

ایک نظر اس پر بھی

کانگریس کرناٹک میں لوک سبھا کی 20 سیٹں جیتے گی، وزیر اعلیٰ سدارامیا دعویٰ

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ  سدارامیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کرناٹک کی 28 میں سے 20 سیٹوں پر کامیابی کا پرچم لہرائے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کے تئیں رائے دہندگان کا ردعمل اب تک بہت مثبت رہا ہے۔

بی جے پی کرناٹک حکومت کو دھمکی دے رہی، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کا سنگین الزام

کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بی جے پی پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ریاستی حکومت کو دھمکی دے رہی ہے اور لوگوں میں یہ پیغام پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے کہ خراب نظم و نسق کی وجہ سے اب ریاست کی کمان گورنر کے حوالے کر دی جائے گی۔

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔