خشک سالی سے نمٹنے کیلئے فوراًقدم اٹھائے جائیں؛ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو وزیراعلیٰ سدرامیا کی سخت ہدایت

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 18th April 2017, 8:52 PM | ریاستی خبریں |

بنگلورو۔18؍اپریل(ایس او  نیوز) ریاست میں سنگین خشک سالی کی صورتحال کا آج وزیر اعلیٰ سدرامیا نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کرکے جائزہ لیا اور فوری طور پر راحت کاری کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔

وزیراعلیٰ سدرامیا نے ضلعی انتظامیہ کو سخت ہدایت دی ہے کہ ریاست میں کہیں بھی پینے کے پانی کی قلت نہ ہونے پائے۔ ضرورت پڑنے پر نجی بورویلوں سے بھی پانی حاصل کرکے عوام کو مہیا کرایا جائے، اس کیلئے درکار فنڈز حکومت مہیا کرانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ریاست میں بدترین خشک سالی کی صورتحال سے حالات بگڑے ہوئے ہیں۔ اس صورتحال کو بطور چیلنج نمٹنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ افسران اس کام میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں۔ صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری قدم اٹھائے جائیں۔ پینے کے پانی کی فراہمی کے ساتھ جانوروں کیلئے چارہ اور دیگر راحت کاری اقدامات میں کسی طرح کی رکاوٹ نہ آئے یہ یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی وریاستی حکومتوں کی مختلف اسکیموں کے تحت جاری روزگار ضمانت اسکیموں کے ذریعہ مزدوروں کو روزگار مہیا کرایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر اور ضلع پنچایتوں کے چیف ایگزی کیٹیو افسران کی یہ ذمہ داری ہوگی کہ وہ ان انتظامات کی راست نگرانی کریں۔ انہوں نے کہاکہ اگلے دس ہفتوں کیلئے چارہ کا ذخیرہ کیا جائے۔ ضرورت پڑنے پر اضلاع اور تعلقہ سطح پر گؤ شالائیں قائم کی جائیں۔ ان گؤ شالاؤں میں جانوروں کو پہنچانے والے افراد کے ٹھہرنے کا بندوبست بھی کیا جائے۔

ہر دیہات میں جانوروں کو پانی فراہم کرنے کیلئے چھوٹے ٹینک تعمیر کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کیلئے ان فپ سبسیڈی کی رقم راست طور پر ان کے بینک کھاتوں میں جمع کرائی جائے ۔ رواں ماہ کے آخر تک یہ رقم جمع ہوجانی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ حال ہی میں دورۂ چامراج نگر کے دوران انہیں بتایا گیا کہ یہاں پانی کی شدید قلت ہے، اس کے بعد صورتحال کا انہوں نے بذات خود مشاہدہ بھی کیا ہے، انہوں نے ضلع کے افسران کو سخت ہدایت دی کہ یہاں پانی کی قلت سے نمٹنے کیلئے فوراً قدم اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ جن نجی بورویلوں سے عوام کو پانی مہیا کرانے کیلئے ٹینکرس پانی نکالتے ہیں غیر ضروری طور پر ان بورویلوں کے مالکان کو ہراساں نہ کیا جائے۔حکومت نے جو رقم طے کی ہے وہ ادا کرکے نجی بورویلوں کے مالکوں سے پانی حاصل کیا جائے۔

دیہی روزگار ضمانت اسکیم کے تحت کام کرنے والے مزدوروں کو پندرہ دنوں کے اندر اجرت ادا کرنے کی سدرامیا نے ہدایت دی، اور کہاکہ روزگار ضمانت اسکیم کیلئے 2017-18 کے لائحہ عمل کو جلد مکمل کیا جائے۔ اس ویڈیو کانفرنس میں وزیراعلیٰ سدرامیا کے ساتھ تمام ڈپٹی کمشنروں ، چیف سکریٹری، ڈویژنل کمشنرس اور دیگر اعلیٰ افسران نے تبادلۂ خیال کیا۔وزیراعلیٰ کے ہمراہ وزیر مالگذاری کاگوڈ تمپا ، وزیر زراعت کرشنا بائرے گوڈا، وزیر دیہی ترقیات ایچ کے پاٹل، وزیر مویشی پالن اے منجو ، چیف سکریٹری سبھاش کنٹیااور مختلف سرکاری محکموں کے پرنسپل سکریٹریز اور سکریٹریز موجود تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا

جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔

بی جے پی نے کانگریس ایم ایل اے کو 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی؛ سدارامیا کا الزام

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ کانگریس کے اراکین اسمبلی کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کرکے 'آپریشن لوٹس' کے ذریعے انکی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔