کمارسوامی کابینہ ۔پہلے مرحلہ میں 25؍وزراء کی شمولیت کابینہ میں 2؍مسلم وزراء بھی ،وزارت سے محروم سینئر کانگریسی لیڈروں کے طرفداروں کا پر زور احتجاج جاری

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 7th June 2018, 11:04 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،6؍جون(ایس او نیوز) کرناٹک میں وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کی قیادت والی کانگریس۔جے ڈی ایس مخلوط حکومت کی آج پہلے مرحلہ کی توسیع عمل میں آئی۔ بشمول بہوجن سماج پارٹی کے ایک رکن اسمبلی جے ڈی ایس کے10؍اراکین اور کانگریس کے 15؍اراکین جملہ 25؍نئے وزراء کو ریاستی گورنر واجوبھائی والا نے آج دوپہر 2:10؍بجے راج بھون کے گلاس ہاؤز میں عہدہ کی رازداری کا حلف دلایا۔

وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی اور نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور کی موجودگی میں سوائے بی زیڈ ضمیر احمد خان کے تمام وزراء نے کنڑا زبان میں دیوروکے نام پر حلف لیا۔ جبکہ ضمیراحمد خان نے انگریزی زبان میں اﷲ اور اپنی ماں کے نام پر حلف لیا۔ بی ایس پی کے این مہیش نے بدھا، بسوا اور امبیڈکر کے نام پر حلف لیا۔ آج دونوں پارٹیوں کے تمام 25؍وزراء نے کابینہ درجہ کے وزراء کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ کانگریس کے کوٹہ سے جن 15؍وزراء نے حلف اٹھایا ان میں ایک آزاد رکن اسمبلی آر شنکر بھی شامل ہیں۔ دونوں پارٹیوں کے درمیان ہوئے معاہدہ کے تحت کانگریس کے 22 اور جے ڈی ایس کے 12؍وزراء ہوں گے جن میں وزیراعلیٰ اور نائب وزیراعلیٰ بھی شامل ہیں۔ اب کانگریس کے کوٹہ کے 6 اور جے ڈی ایس کے ایک وزیر کی گنجائش باقی ہے۔

دونوں پارٹیوں نے پہلے مرحلہ کی توسیع کے بعد پیدا ہونے والی ناراضی اور ناراض لیڈروں کو منانے کے لئے یہ عہدے باقی رکھے ہیں۔ کل رات دیر گئے تک دونوں پارٹیوں نے کابینہ میں شامل کئے جانے والے وزراء کے ناموں کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا تھا۔ اس کو راز ہی میں رکھا۔ آج صبح جب ان وزراء کے ناموں کا اعلان کیاگیا تو دونوں پارٹیوں بالخصوص کانگریس میں ناراضی کی لہر دوڑ گئی۔ کانگریس کے سینئر لیڈر آر روشن بیگ، رام لنگا ریڈی، تنویر سیٹھ، ایچ کے پاٹل کے طرفداروں نے آج اپنے حلقوں اور بنگلور میں کے پی سی سی کے دفتر کے روبرو کانگریس ہائی کمان کے خلاف اور اپنے اپنے لیڈروں کی حمایت میں مظاہرے کئے۔ پچھلے کئی دنوں سے کانگریس کے جن لیڈروں کو کابینہ میں شامل کئے جانے کی قیاس آرائیاں ہورہی تھیں اس کے باکل برعکس کانگریس کے نئے وزراء کو شامل کیا گیاہے۔ کہا جارہاہے کہ نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر پرمیشور نے سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا کا اثر ورسوخ کم کرنے ایک حکمت عملی کے تحت راہل گاندھی کو اعتماد میں لے کر سدارامیا کے حامیوں کی جگہ اکثر اپنے طرفداروں کو کابینہ میں شامل کروایا ہے جس کی وجہ سے کئی طاقتور لیڈرس ناراض ہیں۔ کمار سوامی کابینہ میں اس وقت سب سے زیادہ وکلیگا طبقہ کے وزراء ہیں۔ اس کے بعد لنگایت طبقہ کے 4؍وزراء ہیں۔ دیگر اس طرح ہیں، ایس سی۔3، کربا۔2، برہمن ایک، یڈیگا ایک، مسلمان 2 اور عیسائی ایک۔ نئے وزراء کی حلف برداری تقریب کے بعد پہلے کابینہ اجلاس کی صدارت کرنے کے فوری بعد ودھان سودھا میں ایک مشترکہ اخباری کانفرنس سے وزیراعلیٰ کمار سوامی اور پرمیشور نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک مخلوط حکومت کے باقاعدہ قیام میں وقت لگتاہے۔ کابینہ کی توسیع میں کچھ تاخیر کیاہوئی کہ میڈیا نے آسمان سرپر اٹھالیا۔ گویا زلزلہ برپا ہوگیا ہو۔ ہم دونوں وزیر اعلیٰ اور نائب وزیراعلیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد خاموش نہیں ہیں۔ مختلف محکموں کے افسروں کے اجلاس طلب کئے جارہے ہیں۔ انہیں جو ہدایات دینی ہیں دے رہے ہیں۔

حال ہی میں بی بی ایم پی افسروں کو طلب کرکے شہر بنگلور کی سڑکوں پر گڈھے بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اب تک تقریباً 1,500؍گڈھے بند کئے جاچکے ہیں۔ مزید 3,800؍گڈھے بھرنے ہیں۔ تمام اعداد وشمار ہمارے پاس موجود ہیں۔ کمارسوامی نے کہاکہ آج جن 25؍وزراء کو شامل کیاگیا ہے۔ ان میں سینئر اراکین کے علاوہ چند نئے چہرے بھی ہیں جو پہلی بار وزارت میں شامل ہوئے ہیں۔ آج پہلے کابینہ اجلاس میں ریاست کے عوام کو اعتماد میں لے کر کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کابینہ میں شامل وزراء میں آج شب یا کل صبح قلمدان تقسیم کردیئے جائیں گے۔ ہماری حکومت ریاست کے عوام کو ایک اچھا انتظامیہ فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔

پارٹی میں ناراضی: چند سینئر کانگریس اراکین کو کابینہ میں شامل نہ کئے جانے سے پائی جانے والی ناراضی سے متعلق پرمیشور نے کہاکہ ہائی کمان کی ہدایت پر وزراء کو شامل کیاگیاہے۔ ہمارے کوٹہ کی مزید 6؍وزارتیں ہیں۔ ناراضی پر قابو پانے یہ وزارتیں محفوظ ہیں۔ واحد پارٹی ہو یا مخلوط حکومت کی کابینہ، توسیع کے دوران اس طرح ناراضی عام بات ہے۔ ہمارے 80؍اراکین اسمبلی ہیں تمام وزارت کے اہل ہیں۔ لیکن ہمارے کوٹہ کی صرف 22؍وزارتیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تمام ناراض لیڈروں سے راست بات چیت کی جائے گی اور ان کی ناراضی دور کی جائے گی۔ 

انسپکٹر معطل: منگلورو میں مویشی تاجر حسن ابا کی مشتبہ موت کے معاملہ سے متعلق کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ ان کی حکومت کو ریاست کے کونے کونے کی خبر ہے جو پولیس انسپکٹر اس معاملہ میں ملوث تھا۔ اسے ملازمت سے معطل کردیا گیاہے۔ بی جے پی اپنی سیاسی فائدہ کے لئے سماج کو توڑنے کی کوشش کررہی ہے۔ ہم اسے کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ ایسے معاملات میں حکومت نرمی نہیں برتے گی۔ بلکہ سختی سے نمٹے گی۔

انابھاگیہ اسکیم جاری رہے گی: کمار سوامی سے پوچھا گیا کہ سابق وزیراعلیٰ سدارامیا نے بحیثیت وزیر مالیات انا بھاگیہ اور دیگر اسکیموں کو کامیابی کے ساتھ نافذ کیاتھا۔ کیا آپ کی حکومت اسے جاری رکھے گی؟ اس پر وزیر اعلیٰ نے بتایاکہ پچھلی حکومت نے غریبوں اور عوامی مفاد کی جن اسکیموں کو بھی نافذ کیاتھا اسے جاری رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ دونوں پارٹیوں کے انتخابی منشور کو نافذ کرنے کے لئے سدارامیا کی صدارت میں کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو دونوں پارٹیوں کے پروگراموں کو نافذ کرنے کے لئے اقل ترین مشترکہ پروگرام مرتب کرے گی۔ پرمیشور نے کہاکہ کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت کامیابی کے ساتھ اپنی پانچ سالہ میعاد مکمل کرے گی۔ 

کانگریس کے 15؍کابینہ وزراء
1) آروی دیش پانڈے
2)ڈی کے شیوکمار
3) کے جے جارج
4)کرشنا بائرے گوڈا
5) شیوشنکر ریڈی
6)رمیش جارکیہلی
7) پرینک کھرگے
8)یوٹی قادر
9) بی زیڈ ضمیر احمد خان
10)شیوا نندا پاٹل
11) آر بی پاٹل
12)پٹارنگا پاٹل
13)آر شنکر (آزاد)
14)جیا مالا (واحد خاتون)
15)وینکٹ رامنپا

جے ڈی ایس کے 10؍وزراء 
1)ایچ ڈی ریونا
2)بنڈپا کاشمپور
3) جی ٹی دیوے گوڈا
4)ڈی سی تمنا
5)ایم سی منگولی
6)ایس آر سرینواس
7)وینکٹ راؤ ناڈگوڈا
8)سی ایس پٹاراجو
9) ایس آرمہیش
10) این مہیش (بی ایس پی)

ایک نظر اس پر بھی

گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت مودی حکومت کے بدعنوانی ختم کرنے کے دعووں کی قلعی کھول رہی: کانگریس

کانگریس نے 35 ہزار کروڑ روپے کے غیر قانونی خام لوہا کانکنی گھوٹالہ کے ملزم جناردن ریڈی کے بی جے پی میں شامل ہونے پر آج زوردار حملہ کیا۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی ...

منگلورو میں 'جاگو کرناٹکا' کا اجلاس - پرکاش راج نے کہا : اقلیتوں کا تحفظ اکثریت کی ذمہ داری ہے 

'جاگو کرناٹکا' نامی تنظیم کے بینر تلے مختلف عوام دوست اداروں کا ایک اجلاس شہر کے بالمٹا میں منعقد ہوا جس میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے مشہور فلم ایکٹر پرکاش راج نے کہا کہ ایک جمہوری ملک میں اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا اکثریت کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔

تنازعات میں گھرے رہنے والے اننت کمار ہیگڈے کو مودی نے کیا درکنار

پارلیمانی الیکشن کے دن قریب آتے ہی اننت کمار ہیگڑے نے گمنامی سے نکل کر اپنے حامیوں کے بیچ پہنچتے ہوئے اپنے حق میں ہوا بنانے کے لئے جو دوڑ دھوپ شروع کی تھی اور روز نئے متنازعہ بیانات  کے ساتھ سرخیوں میں بنے رہنے کی جو کوششیں کی تھیں اس پر پانی پھِر گیا اور ہندوتوا کا یہ بے لگام ...

لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے اننت کمار ہیگڈے کو دکھایا باہرکا راستہ؛ اُترکنڑا کی ٹکٹ کاگیری کو دینے کا اعلان

اپنے کچھ موجودہ ممبران پارلیمنٹ کو نئے چہروں کے ساتھ تبدیل کرنے کے اپنے تجربے کو جاری رکھتے ہوئے، بی جے پی نے سابق مرکزی وزیر اور اُتر کنڑ اکے ایم پی، اننت کمار ہیگڑے کو باہر کا راستہ دکھاتے ہوئے  آنے والے لوک سبھا انتخابات میں  ان کی جگہ اُترکنڑا حلقہ سے  سابق اسمبلی اسپیکر ...

ٹمکورو میں جلی ہوئی لاشوں کا معاملہ - خزانے کے چکر میں گنوائی تھی  تین لوگوں نے جان

ٹمکورو میں جلی ہوئی کار کے اندر بیلتنگڈی سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی جو لاشیں ملی تھیں، اس معاملے میں پولیس کی تحقیقات سے اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ خزانے میں ملا ہوا سونا سستے داموں پر خریدنے کے چکر میں ان تینوں نے پچاس لاکھ روپوں کے ساتھ اپنی بھی جانیں گنوائی تھیں ۔