کارکلا22؍فروری (ایس او نیوز) چوریوں کی متعدد وارداتوں میں شامل 2بدنام زمانہ چوروں کو کارکلا پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق اتفاق سے دونوں کا نام اظہرالدین عرف منچاکل اظہرالدین ہے۔ جس میں سے ایک کوٹے کے رہنے والے عبدالقادر کابیٹا ہے جس کی عمر ۲۵سال ہے جبکہ دوسرا اظہرالدین شیروا کے رہنے والے عبدالقادر کا بیٹا ہے اور اس کی عمر ۳۲سال ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق منگلورو،منی پال، اڈپی، کنداپور،کاپ ، ہیرے اڈکا ، بھٹکل، منکی وغیرہ میں گھروں کے دروازے توڑ کر ڈکیتی ڈالنے، ہائی وے پر لوٹنے اور چوریوں کی کئی وارداتیں انجام دینے میں ان دونوں کا ہاتھ ہے۔ان پر عدالت میں کئی مقدمات زیر سماعت ہیں مگر یہ دونوں تقریباً چار سال سے لاپتہ تھے اور عدالت میں حاضر نہیں ہورہے تھے۔چوروں کے قبضے سے ایک سونے کے چین اور خواتین کے گلے سے زیورات لوٹنے میں استعمال کی جانے والی دو لاکھ روپے مالیت کی موٹربائک کاواساکی نینجا پولیس نے ضبط کرلی ہے۔
ان دونوں چوروں کی گرفتاری پر اڈپی کے ایس پی نے کارکلا پولیس کے کرائم ڈٹیکشن اور کاپ کرائم ڈٹیکشن شعبے کو انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ ایس پی نے بتایا کہ کارکلا پولس نے مختلف چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 7مشکوک ملزمین کو گرفتار کرکے 11لاکھ روپے کے مسروقہ زیورات برآمد کرنے اور عدالت سے وارنٹ جاری ہونے کے باوجود مفرور رہنے والے دیگر2ملزمین کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔