کالسا ۔باندوری منصوبہ: کنڑا نواز تنظیموں کی جانب سے 25جنوری کو کرناٹکا اور 4فروری کو بنگلورو بندکا اعلان

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 23rd January 2018, 1:14 PM | ریاستی خبریں |

ہبلی 23؍ جنوری (ایس او نیوز)ریاست کرناٹکا اور گوا کے بیچ چل رہے مہادائی ندی کے کالسا۔باندوری منصوبے کا تنازعہ حل کرنے میں مرکزی حکومت کی عدم دلچسپی کو اجاگر کرنے کے لئے کنڑا نواز تنظیموں کے فیڈریشن نے 25جنوری کو مکمل ’کرناٹکا بند‘ کا اعلان کیا ہے ۔ اسی کے ساتھ 4فروری بی جے پی کی پریورتن یاترا کے اختتامی اجلاس کے لئے وزیرا عظم نریندرمودی کی آمد کے پیش نظر’ بنگلورو بند‘ منانے کا بھی فیصلہ کیاگیا ہے۔

دراصل’ واٹالا پرکاش‘ تنظیم کے صدر واٹال ناگراج نے اس بند کا اعلان کرنے کے لئے دیگر کنڑا نواز تنظیموں کے ساتھ مشترکہ طور پر جوپریس کانفرنس منعقد کی تھی اس میں’ کالسا۔باندوری ہوراٹا سمیتی ‘کے اراکین اور واٹال ناگراج کے بیچ بند کی تاریخ کو لے کر تنازعہ کھڑا ہوگیا ۔ ہوراٹا سمیتی کا اصرار تھاکہ بند کو وزیر اعظم کی بنگلورو آمد سے منسلک کرتے ہوئے 4فروری کے لئے ملتوی کیا جائے۔جبکہ واٹال اور ان کے حامیوں کا موقف یہ تھا کہ چونکہ بند کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں اس لئے اب اسے ٹالنا ممکن نہیں ہے۔اس دوران جنوبی کرناٹکا اور شمالی کرناٹکا کے کنڑا نواز تنظیموں کے درمیان تکرار اور گرما گرم بحث چھِڑ گئی۔

مسئلہ کا حل نکالنے کے لئے پریس کانفرنس کو درمیان میں ہی روک کر ہوراٹا سمیتی اور واٹال ناگراج کے حامیوں کے ساتھ ایک بند کمرے میں میٹنگ منعقد کی گئی اور پھر فیصلہ کیا گیا کہ اعلان کے مطابق 25جنوری کو مکمل کرناٹکا بند ہوگا جس میں تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز، پٹرول بنکس، موٹر گاڑیاں سب کچھ صبح چھ بجے سے شام چھ بجے بند رکھے جائیں گے۔ اور 4فروری کو وزیر اعظم کی آمد کے موقع پر بنگلورو کو مکمل طور پر اس طرح بند رکھا جائے گاکہ وزیر اعظم کو ایک گلاس پانی بھی نہ مل سکے۔

کالسا ۔ باندوری منصوبے کے تعلق سے بند اور احتجاجی مظاہرے کرنے والوں نے واضح کیا کہ یہ احتجاج کسی ایک سیاسی پارٹی کو ہی نشانہ بناکر نہیں کیا جارہا ہے۔ یہ کرناٹکا کے عوام کے حقوق کا معاملہ ہے۔ اس لئے ہوسپیٹ میں کانگریسی صدر راہل گاندھی کے اجلاس کے دوران بھی کالی جھنڈیا ں دکھا کر احتجاج درج کیا جائے گا۔اور ان پر دباؤ بنایا جائے گا کہ وہ گوا کے کانگریسی لیڈروں کو اس بات کی ہدایت دیں کہ کالسا ۔باندوری منصوبے کی مخالفت نہ کریں۔

دوسری طرف ہبلی میں ایک اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ اور بی جے پی لیڈر جگدیش شیٹر اور رکن پارلیمان پرہلاد جوشی نے 4 فروری کے ’بنگلورو بند ‘ کے پیچھے وزیر اعلیٰ سدارامیا کا ہاتھ ہونے کا الزام لگایا۔اس بند کوکانگریس کی سیاسی کرتب بازی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت تنقید کی۔ان کا کہناتھاکہ بی جے پی کے پروگرام میں رکاوٹ پیدا کرنے اور وزیر اعظم کی آمد کے وقت امن وامان کی صورتحال بگاڑ کر بی جے پی کو موردِ الزام ٹھہرانے کے لئے جان بوجھ کراس بند کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران جگدیش شیٹر، جوشی اور دیگر بی جے پی کے لیڈران نے اعلان کیا کہ کانگریس کی اس حرکت کے بدلے میں آئندہ دنوں میں راہل گاندھی کے جلسوں کے وقت بی جے پی کی طرف سے بھی اسی طرح کی رکاوٹیں پیدا کرنے کا منصوبہ بنایا جائے گا۔

ایک نظر اس پر بھی

کرناٹک کی کانگریس حکومت کا اہم قدم؛ ملازمتوں اورتعلیمی اداروں میں ریزرویشن کے لیےمسلمانوں کو کیا او بی سی میں شا مل

کرناٹک کی کانگریس حکومت نے ریاست کے مسلمانوں کو ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں ریزرویشن دینے کے  مقصد سے  او بی سی  (یعنی دیگر پسماندہ طبقات) کے زمرے میں شامل کیا ہے۔ اس تعلق سے  معلومات فراہم کرتے ہوئے  نیشنل کمیشن برائے پسماندہ طبقات (NCBC) نے بدھ کو کرناٹک حکومت کے اعداد و ...

بی جے پی مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کر رہی ہے: وائی ایس شرمیلا ریڈی

کانگریس کی آندھرا پردیش یونٹ کی صدر وائی ایس شرمیلا ریڈی نے منگل کو بی جے پی پر مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کرنے کا الزام لگایا۔ بی جے پی کو ملک کے لیے ایک بڑا خطرہ بتاتے ہوئے انہوں نے ایسی پارٹی سے تعلق برقرار رکھنے پر وزیر اعلیٰ وائی ایس سے کہا کہ ۔ جگن موہن ریڈی اور ٹی ڈی پی ...

بی جے پی نے باغی لیڈر ایشورپا کو 6 سال کے لئے پارٹی سے معطل کر دیا

  کرناٹک میں آزاد امیدوار کے طور پر لوک سبھا الیکشن لڑ رہے بی جے پی کے باغی لیڈر کے ایس ایشورپا کو پارٹی نے 6 سال کے لئے معطل کر دیا۔ زیر بحث شیوموگا لوک سبھا سیٹ سے اپنی نامزدگی واپس نہیں لینے کے ایشورپا کے فیصلے کے بعد بی جے پی کی تادیبی کمیٹی نے اس تعلق سے ایک حکم جاری کر دیا۔ ...

ہبلی: سی او ڈی کرے گی نیہا مرڈر کیس کی تحقیقات؛ ہبلی، دھارواڑ کے مسلم رہنماوں نے کی قتل کی مذمت

ہبلی میں ہوئے کالج طالبہ نیہا قتل معاملے کو بی جے پی کی طرف سے سیاسی مفادات کے لئے انتہائی منفی انداز میں پیش کرنے کی مہم پر قابو پانے کے لئے وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے اعلان کیا ہے کہ قتل کے اس معاملے کی مکمل تحقیقات سی او ڈی کے ذریعے کروائی جائے گی اور تیز رفتاری کے ساتھ شنوائی کے ...

کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مقدمہ

لوک سبھا انتخابات 2024: کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار پر لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔ پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ معاملہ کانگریس لیڈر شیوکمار کے ایک ویڈیو سے جڑا ہے۔ ویڈیو میں، وہ مبینہ طور پر ...