سری نگر،10؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں منگل کی صبح شروع ہونے والے ایک مسلح تصادم میں دو جنگجو ہلاک جبکہ ایک افسر سمیت دو فوجی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ تاہم جنگجوؤں کی ہلاکت کی سرکاری ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ مسلح تصادم کے مقام پر مقامی لوگوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں جن میں قریب دو درجن افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ متعدد نوجوان گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج ومعالجہ کے لئے سری نگر منتقل کیا گیاہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیان کے کنڈلن میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 34 راشٹریہ رائفلز (آر آر)، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے منگل کی صبح مذکورہ گاؤں میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا ’تلاشی آپریشن کے دوران جب سیکورٹی فورسز کا ایک گروپ مشتبہ گھر کے نذدیک پہنچا تو وہاں موجود جنگجوؤں نے ان پر فائرنگ کی‘۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر مسلح تصادم شروع ہوا۔ انہوں نے بتایا ’جنگجوؤں کی ابتدائی فائرنگ میں فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او)اور ایک سپاہی زخمی ہوئے‘۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ زخمی فوج اہلکاروں کو علاج ومعالجہ کے لئے سری نگر کی بادامی باغ فوجی چھاونی میں واقع 92 بیس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔