سڑک حادثہ میں زخمی سابق وزیر ستیہ نارائن لاٹھر کی دوران علاج موت
چنڈی گڑھ،25دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ہریانہ کے سابق وزیر ستیہ نارائن لاٹھر کی روہتک پی جی آئی میں دوران علاج موت ہو گئی۔ سابق وزیر لاٹھر کو نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی تھی۔ وہ شدیدطور پر زخمی ہو گئے تھے۔روہتک پی جی آئی میں ان کا علاج چل رہا تھا۔سابق وزیر ستیہ نارائن لاٹھر جیند کے جلانا میں رہتے تھے۔اتوار کی رات میں وہ پٹرول پمپ سے پیدل ہی اپنی رہائش گاہ جا رہے تھے۔ اسی درمیان کسی نامعلوم گاڑی نے ان کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں سابق وزیر شدید طو ر پرزخمی ہو گئے۔ انہیں قریب کے اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں پر ابتدائی طبی علاج کے بعد انہیں روہتک پی جی آی ریفر کر دیا گیا تھا۔ روہتک پی جی آئی میں پیرکے روز علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی۔ ستیہ نارائن لاٹھر نے 1996 میں بنسی لال کی ہریانہ وکاس پارٹی کے ٹکٹ پر جلانا سے الیکشن لڑاتھا۔ ان انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ستیہ نارائن لاٹھر کو سابق وزیر اعلیٰ بنسی لال نے اپنی حکومت میں صحت عامہ ورہائش کا وزیر بنایا تھا۔