جے ڈی ایس کے 188امیدواروں کی فہرست 15جون تک : کمار سوامی

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 27th May 2017, 10:51 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،26؍مئی(ایس او نیوز) ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات کیلئے جنتادل (ایس) نے ریاست کے 224میں سے 188 امیدواروں کی فہرست تیار کرلی ہے۔ 15جون کے بعد پارٹی کے قومی سربراہ دیوے گوڈا کی منظوری کے بعد یہ فہرست جاری کردی جائے گی۔آج بیجاپور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ جنتادل (ایس) نے اگلے انتخابات تنہا لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور پارٹی کو یقین ہے کہ وہ اکثریت حاصل کرکے ریاست کے اقتدار پر قبضہ کرلے گی۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی نے اپنے امیدواروں کی فہرست کسی نجومی کے مشورہ پر نہیں، بلکہ پارٹی کیلئے محنت کرنے والے کارکنوں کی صلاحیتوں کی بنیاد پر تیار کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگلے انتخابات میں وہ ریاست کے دو اسمبلی حلقوں سے قسمت آزمائیں گے۔شمالی کرناٹک کے کسی حلقہ سے وہ انتخاب لڑنے کے بارے میں کافی سنجیدہ ہیں۔ کمار سوامی نے کہاکہ عنقریب کانگریس کے دو سینئر لیڈران سی ایم ابراہیم اور ایچ وشواناتھ جنتادل (ایس) میں شامل ہوجائیں گے۔ سی ایم ابراہیم اور دیوے گوڈا کے درمیان ایک دور کی بات چیت بھی ہوچکی ہے۔ جنتادل (ایس) کے سات باغیوں کے متعلق ایک سوال پر کہاکہ ان لوگوں کی اب پارٹی کو کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ان کے بغیر بھی پارٹی کو آگے بڑھانے کے منصوبے مرتب کرلئے گئے ہیں۔ آنے والے دنوں میں ان سات باغیوں کو چھوڑ کر جو بھی لیڈر جنتادل (ایس) کا حصہ بننا چاہتا ہے پارٹی اس کا خیر مقدم کرے گی۔مرکز کی مودی حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ پچھلے تین سال کے دوران مودی نے غریبوں کوپریشانیوں میں ڈالا اور بڑی بڑی کمپنیوں کو راحت پہنچائی۔ بی جے پی کی تین سالہ کارکردگی پر اس پارٹی کے قومی صدر امیت شا کے بیان پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاکہ مودی اس ملک کے عوام کیلئے نہیں بلکہ تین کمپنیوں کیلئے کام کررہے ہیں۔ نوٹ بندی کے ذریعہ مرکزی حکومت نے کوئی کامیابی حاصل نہیں کی۔ مودی کے پاس یہ حساب نہیں ہے کہ ملک میں کتنا کالا دھن واپس آیا۔ اگر حساب ہے تو کمار سوامی نے چیلنج کیاکہ اسے منظر عام پر لایا جائے۔ انہوں نے سابق وزیراعلیٰ بی ایس یڈیورپا کے دعوے کوجھوٹا قرار دیا کہ بی جے پی کے دور اقتدار میں دو مرتبہ کسانوں کے قرضہ جات معاف کئے گئے۔

ایک نظر اس پر بھی

کانگریس کرناٹک میں لوک سبھا کی 20 سیٹں جیتے گی، وزیر اعلیٰ سدارامیا دعویٰ

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ  سدارامیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کرناٹک کی 28 میں سے 20 سیٹوں پر کامیابی کا پرچم لہرائے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کے تئیں رائے دہندگان کا ردعمل اب تک بہت مثبت رہا ہے۔

بی جے پی کرناٹک حکومت کو دھمکی دے رہی، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کا سنگین الزام

کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بی جے پی پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ریاستی حکومت کو دھمکی دے رہی ہے اور لوگوں میں یہ پیغام پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے کہ خراب نظم و نسق کی وجہ سے اب ریاست کی کمان گورنر کے حوالے کر دی جائے گی۔

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔