بھٹکل جے ڈی ایس کی جانب سے کانگریس کے اعلان کردہ بھارت بند کو مکمل حمایت کا اعلان
بھٹکل 9/ستمبر (ایس او نیوز) کانگریس کی جانب سے کل 10/ستمبر کو منائے جارہے بھارت بند کو بھٹکل جے ڈی ایس کی طرف سے بھی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔ جے ڈی ایس بھٹکل تعلقہ صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے اخبارنویسوں کو بتایا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کو لے کر کل پیر کو جو بھارت بند کا اعلان کیا گیا ہے، جے ڈی ایس اُس کی مکمل حمایت کرے گی ۔ مزید بتایا کہ اگر کانگریس کی طرف سے بھٹکل میں کل ریلی نکالی جاتی ہے تو جے ڈی ایس کے کارکنان بھی اُس ریلی میں شریک ہوں گے اور بھٹکل میں بند کو کامیاب بنانے ہرممکن تعائون پیش کریں گے۔
عنایت اللہ شاہ بندری نے بتایا کہ ریاست گیر سطح پر جے ڈی ایس کل ہونے والے بھارت بند کی حمایت کررہی ہے اور ریاستی صدر نیز ضلعی صدر کی ہدایت پر بھٹکل میں بھی جے ڈی ایس کی طرف سے کانگریس کے اس بند کو مکمل تعائون دیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت بند کو بھٹکل میں سی پی آئی ایم کی طرف سے بھی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔
خبر ملی ہے کہ بھارت بند کے تعلق سے آج اتوار بعد نماز عصر قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے ایک ہنگامی میٹنگ طلب کی گئی ہے جس میں کل ہورہے بند کے تعلق سے حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔