کرناٹکا میں جے ڈی ایس اور کے ایس آر ٹی سی سمیت کئی تنظیموں نے کی بھارت بند کی حمایت : 10ستمبر کو ریاست میں ٹرافک نظام ٹھپ پڑنے کا خدشہ
بنگلورو:8/ستمبر(ایس اؤ نیوز) 10ستمبر بروز پیر کو کانگریس کی طرف سے اعلان کئے گئے بھارت بند کا جے ڈی ایس پارٹی سمیت کے ایس آر ٹی سی اور بی ایم ٹی سی سمیت کئی ایک تنظیموں نے بند کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کو دیکھتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ بند کے دوران پیر کو ریاست بھر میں سرکاری سطح پر ٹرافک نظام بند رہے گا۔
کانگریس کے قومی ترجمان رندیپ سرجی والا نے پریس کانفرنس کے ذریعے بتایا کہ لگاتار بڑھتی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے باوجود مرکزی حکومت آنکھ بند کرکے بیٹھی ہے، اس کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی کی قیادت میں بھارت بند کا اعلان کیا گیا ہے۔
بھارت بند کو جے ڈی ایس کی حمایت : بنگلورو کے ایک پروگرام میں شرکت کے بعد اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے کہا کہ 10ستمبر کو کانگریس کی طرف سے اعلان کردہ بھارت بند کا جے ڈی ایس پارٹی مکمل طورپر حمایت کرے گی۔ انہوں نے مرکزی حکومت اور بی جے پی کو چیلنج کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی حکومت تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال کرتے ہوئے ریاست کی مخلوط حکومت کو کمزور کرنےکی جو کوشش کررہی ہے اور بی جے پی کے لیڈران غلط راستوں سے اقتدار کا جوخواب دیکھ رہی ہے ہم بھی اُنہیں دیکھ لیںگے ۔