جموں و کشمیر میں دہشت گردوں نے ڈپٹی انسپکٹر کو کیاقتل
سرینگر، 17 نومبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) جموں و کشمیر میں سری نگر کے مضافاتی علاقہ جکورا میں آج دہشت گردوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار کی موت ہو گئی جب کہ دوسرا زخمی ہو گیا۔پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ کار میں سوار تین دہشت گردوں نے سری نگر۔ گاندربل روڈ کے جکورا کراسنگ پر پولیس ٹیم پر فائرنگ کی۔ حملے میں عمران ٹاک کی موت ہو گئی اور ایک پولیس افسر (ایس پی او) زخمی ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ پولیس کی ٹیم نے کار کا پیچھا کیا اور ایک دہشت گرد کو پکڑ لیا لیکن دو دیگر وہاں سے بھاگ نکلنے میں کامیاب رہے۔انہوں نے بتایا کہ دونوں دہشت گردوں کا پتہ لگانے کے لئے تلاشی مہم جاری ہے ۔