جموں و کشمیر میں برفانی تودے میں دفن ہوئے پانچ فوجی جوان، تلاشی مہم شروع
سرینگر،12؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) جموں اور کشمیر میں ہوئی سموار کی شب ہوئی تازہ برفباری میں گریج خطہ سے دو جوان اور کپواڑہ ،12؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )کے نیل گاؤں سے تین فوجی جوان کے لا پتہ ہونے کی دردناک خبر مل رہی ہے ۔ یہ اطلاع فوجی اعلی حکام نے دی ہے ۔ حکا م نے کہا کہ برفباری کی وجہ سے وہ لا پتہ ہوگئے ؛ لیکن ان کو بچانے کی حتی المقدور کوشش کی جائے گی ۔ واضح ہو کہ پانچ فوجی جوانوں کو بچانے کے لئے ریسکیو آپریشن شروع کردیئے گئے ہیں۔ تاہم یہ بھی افسوسناک اطلاع مل رہی ہے کہ ناگام سیکٹر میں موسم خراب ہونے کی وجہ سے بچاؤ کے آپریشن میں دشواری پیش آرہی ہے ۔ فوج کے مطابق گرچہ اس وقت موسم خراب ہے ؛لیکن وہ کسی بھی حالت میں سرحد پر گشت اور نگرانی نہیں چھوڑ سکتے ؛ کیوں کہ در اندازی کا قوی امکان ہے ۔ اس سال جنوری میں بھی برفانی طوفان کی وجہ سے 10فوجی جوان اور 4عام آدمی لقمہ اجل بن گئے ، اس سے قبل بھی اس طرح کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں جن میں کئی ہندوستانی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں ۔ غور طلب ہے کہ عام برفباری اور بھاری بارش کی وجہ سے منگل کو جموں سرینگر قومی شاہراہ اور مغل روڈ کو بھی بند کر دیا گیا تھا۔ ٹریفک محکمہ کے حکام نے بتایا کہ بانہال سیکٹر میں برفباری اور دیگر حصوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ کو بند کرنا پڑا تھا۔