عراقی پارلیمنٹ پربدعنوان عناصر کو تحفظ فراہم کرنے کا الزام
بغداد،27؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)عراق کے سرکردہ شیعہ رہ نما اور الصدر گروپ کے سربراہ مقتدیٰ الصدر نے ایک بار پھر عراقی پارلیمنٹ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے الزام عاید کیا ہے کہ پارلیمنٹ کرپٹ اور بدعنوان عناصر کو تحفظ فراہم کررہی ہے۔ جمعہ کی شام ایک بیان میں مقتدیٰ الصدر نے کہا کہ میں پارلیمنٹ کے معزز اور محب وطن ارکان اور عراقی عوام پر زور دیتا ہوں کہ وہ وزیراعظم حیدر العبادی پر وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کو غیرسیاسی شخصیات کے حوالے کرنیکے لیے دباؤ ڈالیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں بدعنوان عناصر موجود ہیں اور ان کی معاونت کی جا رہی ہے۔ الصدر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ پارلیمنٹ کے کرپٹ عناصر کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں۔خیال رہے کہ جمعرات کو عراقی پارلیمنٹ نے وزیردفاع خالد العبیدی کے استعفے کیلیے رائے شماری کی تھی۔ العبیدی پر بدعنوانی کے الزامات عاید کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل کرپشن کے الزامات میں وزیر مالیات ہوشیار زیباری سے بھی پوچھ تاچھ کی جا چکی ہے۔