جوہری مذاکراتی ٹیم کے رکن کو پانچ سال قید کی سزا
تہران،4اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ایرانی حکام نے ملکی جوہری پروگرام سے متعلق بین الاقوامی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات کرنے والی ٹیم کے ایک رکن کو پانچ سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ لندن سے موصولہ روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق ایرانی نیوز ایجنسی تسنیم نے یہ خبر دیتے ہوئے یہ نہیں بتایا کہ اس ایرانی جوہری مذاکرات کار کا نام کیا ہے اور انہیں یہ سزا کیوں سنائی گئی۔ ایرانی میڈیا نے گزشتہ برس اطلاع دی تھی کہ دوہری شہریت کے حامل ایران کے اس جوہری مذاکرات کار کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس نے مبینہ طور پر ’حساس اقتصادی معلومات ایران کے دشمنوں تک‘ پہنچائی تھیں۔