سعودی عرب یمن میں مداخلت اور جارحیت بند کرے: ایرانی صدر
تہران،18جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ایرانی صدر حسن روحانی نے سعودی عرب سے مطالبہ کیا کہ وہ یمن میں اپنی جارحیت اور مداخلت بند کرے۔ منگل کے روز تہران میں ایک نیوز کانفرنس میں ان کا کہنا ہے تھا کہ ایران کے سعودی عرب کے ساتھ اس سے زیادہ کوئی جھگڑا نہیں کہ وہ یمن اور بحرین میں اپنی مداخلت بند کرے۔ روحانی کے بقول دس ممالک نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے ثالثی کی پیش کش کی ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ گزشتہ برس سعودی عرب نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کر دیے تھے۔ صدر روحانی نے کہا کہ یہ فیصلہ سعودی تھا اور تب سے کئی ممالک تعلقات کی بحالی کے لیے اپنی خدمات پیش کر چکے ہیں، جن میں کویت اور عراق بھی شامل ہیں۔ روحانی نے کہا کہ ایران سعودی عرب کے داخلی امور میں مداخلت نہیں کرنا چاہتا۔